تہران: ایران کے رہبر معظم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے سینئر مشیر نے کہا ہے کہ صیہونی رجیم جلد ختم ہو جائے گی اور فلسطینی قوم فلسطین کو آزاد کرانے کی آخری جنگ میں کامیاب ہو گی، یہ ایک قطعی اور حتمی اصول ہے۔مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق علی اکبر ولایتی نے ایران میں حماس کے نمائندے خالد القدومی کے ساتھ ملاقات میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی رجیم کی جارحیت کی مذمت اور فلسطینی مزاحمتی تحریک کی حالیہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حماس حتمی فتح حاصل کرنے کی جانب صحیح راستے پر آگے بڑھ رہی ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حماس کا صیہونی رجیم کے قبضے کے خلاف جاری بڑے پیمانے پر آپریشن "الاقصیٰ طوفان” ایک بڑا قدم تھا جس نے دشمنوں کو چونکا دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب کے معاون نے حماس کو پوری طاقت کے ساتھ آگے بڑھنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا صیہونی رجیم کے خلاف جنگ میں فلسطینی مزاحمت کی بھرپور حمایت کر رہی ہے۔ ملاقات میں حماس کے نمائندے قدومی نے فلسطینی کاز کی حمایت میں ایران کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے تاکید کی ہے کہ فلسطینیوں کو اپنے مقصد کے حصول اور مجرم اسرائیلی حکومت کو شکست دینے کے لیے اپنے اتحاد کو مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی حالیہ بے مثال کامیابیوں سے ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیلی رجیم زوال کا شکار ہے اور فلسطینی بیت المقدس کو آزاد کرائیں گے۔ واضح رہے کہ7 اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیلی حکومت کے زیر قبضہ علاقوں میں آپریشن الاقصیٰ طوفان کا آغاز کیا۔ آپریشن میں بڑے پیمانے پر فضائی، زمینی اور سمندری حملے شامل تھے۔