علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فزیکل ایجوکیشن شعبہ (اے ایم یو) نے ’100دن – 100 شہر‘ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر 25 مئی کو یوگ اتسو – 2023 کی میزبانی کی، جس میں 500 شرکاء نے حصہ لیا اور اسے کامیاب بنایا۔ مختلف مدارس سے بھی تقریباً 60 طلباء و طالبات نے حصہ لیا اور یوگ اتسو میں سبھی کی شمولیت و حصہ داری کا پیغام دیا۔ خواتین و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔یوگ اتسو میں پروفیسر برج بھوشن سنگھ کی قیادت میں 15 منٹ کا دھیان (مراقبہ) رکھا گیا جس میں شرکاء نے سکون اور اپنے اندرون سے گہرے تعلق کا احساس کیا۔یہ پروگرام آئندہ 21 جون کو بین الاقوامی یوم یوگ (آئی وائی ڈی) 2023 پر منعقد ہونے والی تقریب میں زیادہ سے زیادہ افراد کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے عہد کے ساتھ تکمیل کو پہنچا۔ یہ اجتماعی عہد یوگ سے استفادے کے لئے لوگوں کے بڑھتے ہوئے جوش اور اس طرح کے پروگراموں کے مثبت اثرات کا عکاس ہے۔
اے ایم یو کے فزیکل ایجوکیشن شعبہ کے سربراہ پروفیسر سید طارق مرتضیٰ نے کہا کہ یوگ، سبھی کی شمولیت اور سبھی کے لیے صحت مند مستقبل کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی وقف ہے۔