نئی دہلی: سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیاکے قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں جنسی زیادتی کے الزامات کے تحت خواتین کھلاڑیوں سمیت خواتین کا احترام نہ کرنے پر بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیاکے سربراہ برج سنگھ بھوشن جن پر ملک کی چند سرکردہ خواتین ریسلرز کی جانب سے لگائے گئے مبینہ جنسی الزامات کے مدنظر فوری معطلی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ عبدالمجید فیضی نے مزید کہا ہے کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ برج بھوشن سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ چند دنوں سے نئی دہلی کے جنتر منتر پر کئی پہلوان اور دیگر کھلاڑی احتجاج کررہے ہیں۔ برج بھوشن کے خلاف تین درجن سے زیادہ مختلف مقدمات درج ہیں۔ ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کسی اور نے نہیں بلکہ ملک کے کئی سرکردہ ایتھلیٹس نے لگائے ہیں۔ اس سے ایک اچھے اسپورٹنگ ملک کے طور پر ہندوستان کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔ ایس ڈی پی آئی موجودہ ڈبیلو ایف آئی کے سربراہ کی فوری گرفتاری اور الزامات کی اعلی سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔ عبدالمجید فیضی نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی پہلوانوں ساکشی ملک، ونیس پھوگٹ اور دیگر کے ساتھ ان کی مانگ میں یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایس ڈی پی آئی لیڈر نے برج بھوشن سنگھ کے خلاف دہلی پولیس کے ذریعہ ایف آئی آر درج کرنے میں طویل تاخیر پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسٹار پہلوانوں کا ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ نہیں سنا گیا تو کوئی سوچ سکتا ہے کہ عام خواتین کے اس طرح کے معاملات کا کیا حال ہوگا؟۔