حیدرآباد 18ستمبر(یواین آئی) اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں گرفتار آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدراین چندرابابونائیڈو سے آج راجمندری جیل میں ان کی بیوی بھونیشوری اور بہو برہمنی نے ملاقات کی۔محکمہ محابس کے ڈی آئی جی نے اسی دوران واضح کیاکہ جیل میں چندرابابو کو تمام طرح کی سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ قواعد کے مطابق ہی وہ کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عدالت کی ہدایت کے مطابق ہی کام کیاجارہا ہے۔ان دونوں کے ساتھ چندرابابو سے تلگودیشم پارٹی پولیٹ بیورو کے رکن وائی رام کرشنوڈو بھی تھے۔
ادھر دوسری جانب اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدراین چندرابابونائیڈو کی گرفتاری کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں گاندھی جی کے مجسمہ کے قریب پلے کارڈس کے ساتھ احتجاج کیا۔اے پی کی اصل اپوزیشن جماعت کے سابق ارکان پارلیمنٹ نے بھی دھرنے میں حصہ لیا۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش پارلیمنٹ پہنچے اوراس دھرنے میں حصہ لیا۔تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ نے چندرا بابو کی گرفتاری کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے جمہوریت کو بچانے اور آندھرا پردیش میں غیر قانونی مقدمات ختم کرنے کے نعرے لگائے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رگھورام کرشنا راجو نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اے پی میں جمہوریت کو کیسے پامال کیا گیا۔رکن پارلیمنٹ جے دیو نے کہا کہ وہ عوام کو اے پی میں ہونے والی تبدیلیوں سے واقف کروانے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔