غزہ: غزہ پر اسرائیلی فورسز کے حملوں کے دوران امریکی ڈرون طیارے بھی صہیونی ریاست کی مدد کیلئے پہنچ گئے ہیں اور اطلاع کے مطابق امریکی ڈرون کی مسلسل پرواز دیکھنے کو مل رہی ہے۔دریں اثناء پینٹاگون کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل پیٹ رائیڈر نے بھی اپنے ’’غیر مسلح‘‘ ڈرون کی پروازوں کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ ڈرونز اسرائیل کو مشاورت اور مدد فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی ڈرون 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ کے اوپر پروازیں کررہے ہیں۔
دریں اثناء دودیگر امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ امریکہ غزہ کے اوپر انٹیلی جنس جمع کرنے والے ڈرون آپریٹ کر رہا ہے تاکہ قیدیوں کے مقام کی معلومات حاصل کرنے کی کوششوں میں مدد کی جا سکے۔امریکی اہلکار نے بتایا کہ وہ ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے غزہ پر ڈرون پروازیں آپریٹ کر رہے تھے۔
ادھر7 اکتوبر کے بعد سے ہزاروں فلسطینی مزدور اسرائیل کی جیلوں میں قید ہیں، عالمی خیراتی ادارے آکسفیم کا کہنا ہے کہ غزہ کے شمال میں موجود 5 لاکھ افراد کو محاصرے کے اندر ایک اور محاصرہ کا سامنا ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج نے شمالی خطے کو سمندری سرحد سے تقریباً کاٹ کر رکھ دیا ہے، اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ عارضی طور پر بھی جنگ بندی نہیں کریں گے۔