سپریم کورٹ میں درخواست دائر ،8 مئی کو ہوگی سماعت
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ریمارکس کرنے پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو چند روز قبل گجرات میں سورت کی عدالت نے ہتک عزت کے ایک مقدمہ میں قصوروار ٹھہرایا اور جج ہریش حسوکھابائی ورما (ایچ ایچ ورما) نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے راہل گاندھی کو دو سال کی سزا سنائی تھی ۔ تاہم حال ہی میں سورت عدالت کے ایچ ایچ ورما کے ساتھ 68 دیگر ججوں کو ضلع ججوں کے کیڈر کے طور پر ترقی دی گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ایچ ایچ ورما کو راجکوٹ ڈسٹرکٹ کے طور پر ترقی دی گئی ۔ لیکن ان کی ترقی کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے ۔ سینئر سیول ججوں کے کیڈر سے تعلق رکھنے والے دو عہدیداروں نے ان کی ترقی کو چیلنج کیا ہے ۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ تقرریاں سنیاریٹی اور میرٹ کی بنیاد پر نہیں کی گیئں ۔سیاست نیوز کی اطلاع کے مطابق درخواست گزار نے گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ سلیکشن لسٹ اور حکومت کی جانب سے ان کی تقرری کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کو منسوخ کرنے کی استدعا کی ہے ۔ مزید یہ کہ عدالتی افسران کی تقرری کے حوالے سے میرٹ کم سنیاریٹی کی بنیاد پر نئی فہرست جاری کرنے کا استدعا کی گئی ہے ۔ جسٹس ایم آرشاہ کی سربراہی والی بنچ /8 مئی کو اس درخواست پر سماعت کرے گی ۔