نئی دہلی15ستمبر (یو این آئی)ہندوستان کی صدارت میں منعقد ہونے والے سہ روزہ جی 20 اجلاس کے انعقاد کے بعد دہلی یونیورسٹی کے مختلف کالجوں میں جی 20 کے پیغامات کو عام کرنے کے مقصد کے تحت پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلہ کا دو روزہ پروگرام ذاکر حسین دہلی کالج (ایوننگ)میں منعقد ہوا۔افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ ثقافت اور امور خارجہ کی وزیر مملکت محترمہ میناکشی لیکھی نے جی 20 میں جنوبی افریقہ کی شمولیت و شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پردلی یونیورسٹی کے پروفیسر رویندرکمار، پروفیسر گجندر، ڈین آف کالجز پروفیسر بلرام پانی نے بھی خطاب کیا۔ دوسرا سیشن ظہرانہ کے بعد منعقد کیاگیا، جس میں متعدد ہند جنوبی افریقہ تعلقات کے ماہرین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کالج کے پرنسپل مسرور احمد بیگ نے خیرمقدمی کلمات پیش کیے۔ پروفیسر مدھومتا نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔دوسرے دن پروگرام میں ہند جنوبی افریقہ تعلقات کے جن ماہرین نے خطاب کیا، ان میں پرفیسر ایچ سی نارنگ,ڈاکٹر سندیپانی ، ڈاکٹر جے ایم موسی کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس موقع پر ہند۔ جنوبی افریقہ کے موضوع پر ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا، جس میں پروفیسر شاہینہ تبسم، پروفیسر تبریز، ڈاکٹر خورشید، ڈاکٹر ظفیرالدین نے گراں قدر مقالے پیش کیے۔ اس سیشن کی صدارت پروفیسر محمد کاظم نے کی اور صدارتی گفتگو کی۔ سمینار میں دیگر جن بڑی شخصیات نے شرکت کی ان میں پروفیسر مظہر احمد، پروفیسر ظہیر رحمتی ،پروفیسر پربھات رنجن ڈاکٹر آصف کے نام خاص طورپر قابل ذکر ہیں۔ اس کے بعد ثقافتی پروگراموں کا سلسلہ شام تک جاری رہا۔ بڑی تعداد میں اساتذہ و طلبا نے بھی شرکت کی۔