پرتاپ گڑھ (یواین آئی) اترپردیش کے سابق وزیر اعلی و سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ اترپردیش کی حکومت اور ان کے افسران متاثرین کو انصاف دلانے کے بجائے بلڈوزر سے ڈرا کر انکی آواز بند کرتے ہیں۔ دیوریا قتل سانحہ اس کی تازہ مثال ہے۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ دیوریا میں اگر وہاں پر وقت رہتے انصاف مل گیا ہوتا تو اتنا بڑا قتل کا سانحہ نہ پیش آیا ہوتا اس کے لئے ذمہ دار افسران کو سزا دی جانی چاہئے۔ حکومت بلڈوزر لے کر انصاف کررہی ہے اور تانا شاہی کررہی ہے تانا شاہی کی عمر زیادہ نہیں ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت زیرو ٹالیرنس کا ڈھنڈھورا پیٹ رہی ہے لیکن جرائم ،بدعنوانی، مہنگائی اپنے شباب پر ہیں ۔ فرضی مقدمے لگوا کر اپوزیشن کے لیڈروں کو جیل بھیجا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں آئے تھے 2024 میں عوام بی جے پی کا صاف کریں گے۔ ای ڈی و سی بی آئی بی جے پی کے ایجنڈ ہیں۔ سماج وادی پارٹی سربراہ نے یہ بھی کہ اکہ گڑھا سے پاک سڑک کے نام پر یہ حکومت کروڑوں روپئے ڈکار گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہ اکہ بی جے پی حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والے لیڈر اور صحافیوں کے خلاف فرضی مقدمے درج کر کے کاروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے رائے دہندگان سے کہا کہ لوک سبھا میں ہماری حکومت بنائیں۔ فوج میں پکی نوکری پائیں۔ اگنی ویر اسکیم منسوخ کردی جائے گی۔اس سے قبل انہوں نے پارٹی کارکنوں کے لئے منعقد دو روزہ ٹریننگ کیمپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کیا اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے لئے کارکنوں میں جوش بھرا۔