حیدرآباد(ہندوستا ن ایکسپریس ویب ڈیسک) تلنگانہ کے شہرحیدرآبادو سکندرآباد میں ماہ رمضان المبارک کی رونقیں لوٹ آئی ہیں اور شہر کی بڑی مساجد و دیگر مساجد میں قیام اللیل اور خصوصی عبادتوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ جامع مسجد چوک، شاہی مسجد باغ عامہ، جامع مسجد معظم پورہ‘ جامع مسجد بارکس ‘ جامع مسجد ٹین پوش ‘ جامع مسجد سنی پورہ سکندرآباد کے علاوہ تمام مساجد میں ماہ رمضان کا پہلا جمعہ انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کیا گیا ۔
ہندستان میں آج پہلا روزہ اور یوم جمعہ کے پیش نظر مساجد و بازاروں میں کافی گہما گہمی دیکھی گئی ۔ سیاست نیوزکی خبر کے مطابق ماہ رمضان المبار ک کے آغاز کے ساتھ ہی گذشتہ شب سے ہی مساجد میں ماحول پرنور ہوگیا تھا اور تراویح کے آغاز اور اہتمام کے ساتھ ماہ مقدس کی رونقیں بحال ہوگئی تھیں ۔یکم رمضان کو جمعہ کے باعث شہر کی بڑی مساجد میں بڑے اجتماعات دیکھے گئے۔
آئمہ مساجد و خطیب حضرات نے اس ماہ مبارک کے دوران عبادات پر خصوصی توجہ دینے اور کثرت سے نوافل کا اہتمام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کی ساعتوں کو ضائع نہ کریں بلکہ ان اہم ساعتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اللہ رب العزت کو راضی کروائیں۔ ماہر رمضان المبار ک کے پہلے عشرہ میں جو کہ رحمتوں کا عشرہ ہے اس دوران امت کے نوجوانوں کیلئے خطیب حضرات نے پیام دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ماہ رمضان المبارک کے دوران اپنے نظام الاوقات کو بہتر بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وقت اللہ کی عبادت ‘ قرآن کی تلاوت اور خیر کے کاموں میں لگائیں ۔ماہ رمضان المبارک کے دوران رات کے اوقات میں جاگتے ہوئے خود کو لغویات میں مبتلا کرنے سے باز رکھیں اور ان اوقات کارمیں بھی ممکنہ حد تک تلاوت قرآن و نوافل کا اہتمام کریں۔ آئمہ اکرام نے متمول و مخیر طبقہ کو اس ماہ مبارک کے دوران غریب و مفلس افراد کے علاوہ ضرورتمندوں کی مدد کی مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس ماہ مبار ک میں اجر وثواب میں70 گنا کا اضافہ کیا ہوا ہے اسی لئے اس ماہ مبارک کی رحمتوں و برکتوں کے حصول میں کوتاہی نہ کریں بلکہ ضرورت مندوں کی مدد کے ذریعہ بھی ثواب حاصل کریں۔ ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد میں سب سے بڑا اجتماع دیکھا گیا جبکہ مسجد عزیزیہ ‘ ٹیک کی مسجد نامپلی ‘ موتی مسجد دہلی دروازہ کے علاوہ دیگر مساجد میں بھی مصلیوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔ نماز جمعہ کے بعد مکہ مسجد میں مجلس اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام پہلے جلسہ ٔ یوم القرآن کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔