چنئی (یو این آئی) تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے اتوار کو ریاست بھر میں بحالی کیمپوں میں رہنے والے سری لنکا کے تملوں کو 1,591 مکانات مفت تقسیم کیے۔
مسٹر اسٹالن نے ویلور کے میلمنور گاؤں میں سری لنکا کے بازآبادکاری کیمپ میں منعقدہ ایک تقریب میں مفت ہاؤسنگ اسکیم کے پہلے مرحلے میں ریاست میں 1,591 سری لنکن تملوں کو مفت مکانات کی تقسیم کا آغاز کیا۔ان مکانات کی تعمیر پر 79.70 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر اسٹالن نے ریاست کے 13 اضلاع میں 19 بحالی کیمپوں میں رہنے والے سری لنکا کے تملوں کو گھر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
یہاں ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 19,498 خاندانوں میں سے 58,272 سری لنکن تمل ریاست کے 29 اضلاع میں 104 عارضی بازآبادکاری کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ مسٹر اسٹالن نے 2021-22 میں ریاستی اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ سری لنکا کے تملوں کی روزی روٹی کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور سری لنکا کے پناہ گزین کیمپوں کا نام تبدیل کرکے سری لنکن تمل ری اسیٹلمنٹ کیمپس رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا تھا کہ سری لنکا کے تملوں کے لیے مفت ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 342 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ دیہی ترقیاتی ایجنسی (ڈی آر ڈی اے) کے ذریعے مرحلہ وار 7,469 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔اس کے پہلے مرحلے میں 176.02 کروڑ روپے کی لاگت سے 3,510 مکانات بنائے جائیں گے اور ریاست کے 20 اضلاع پر محیط 35 کیمپوں میں رہنے والوں کو رہائش گاہ دی جائے گی۔