نئی دہلی(یواین آئی)پارلیمنٹ او راسمبلیوں میں خواتین کو ریزرویشن فراہم کرنے کیلئے بل پیش کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے بی آرایس کے ارکان نے آج پارلیمنٹ میں احتجاج کیااور اپنے مطالبہ کی حمایت میں نعرے بازی کی۔ لوک سبھا میں بی آر ایس پارٹی لیڈرناماگیشور راؤ اور راجیہ سبھا میں بی آر ایس پارٹی لیڈر کے کیشو راؤ نے اس مسئلہ پر احتجاج کیا۔ انہوں نے پلے کارڈزدکھائے جس میں یہ بل پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔قبل ازیں بی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس دہلی میں ہوا جس میں پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی طورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملک میں مردم شماری کروانے،خواتین اور بی سی ریزرویشن بل کو منظور کروانے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ادھراسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدراین چندرابابونائیڈو کی گرفتاری کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں گاندھی جی کے مجسمہ کے قریب پلے کارڈس کے ساتھ احتجاج کیا۔اے پی کی اصل اپوزیشن جماعت کے سابق ارکان پارلیمنٹ نے بھی دھرنے میں حصہ لیا۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش پارلیمنٹ پہنچے اوراس دھرنے میں حصہ لیا۔تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ نے چندرا بابو کی گرفتاری کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے جمہوریت کو بچانے اور آندھرا پردیش میں غیر قانونی مقدمات ختم کرنے کے نعرے لگائے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رگھورام کرشنا راجو نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اے پی میں جمہوریت کو کیسے پامال کیا گیا۔رکن پارلیمنٹ جے دیو نے کہا کہ وہ عوام کو اے پی میں ہونے والی تبدیلیوں سے واقف کروانے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔