نئی دہلی (یواین آئی) بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ، جو جی20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے یہاں پہنچی ہیں، نے یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور میٹنگ کے آغاز سے قبل دو طرفہ بات چیت کی دہلی پہنچنے کے بعد محترمہ حسینہ نے آج شام وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر مسٹر مودی سے ملاقات کی اور دو طرفہ اور علاقائی مسائل پر بات چیت کی۔ سمجھا جاتا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے جی۔20 کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیں، محترمہ حسینہ، جو جی۔20 کانفرنس میں شرکت کے لیے آئی تھیں، ان کا یہاں اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر وزیر مملکت برائے ریلوے درشنا جردوش نے استقبال کیا۔ بنگلہ دیش جی۔20 کا رکن نہیں ہے لیکن بھارت نے اسے بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں مدعو کیا ہے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن نے محترمہ حسینہ کے دورہ ہندوستان کے حوالے سے جمعرات کو وزارت خارجہ کی طرف سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ اس سوال کے جواب میں کہ آیا بنگلہ دیش میں آئندہ انتخابات پر وزیر اعظم کے دورہ ہند کے دوران بات چیت کی جائے گی، وزیر خارجہ نے کہا’مجھے نہیں معلوم، ہم علاقائی امن اور استحکام چاہتے ہیں۔ ہم آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم الیکشن میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں چاہتے‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ اگر کوئی ہماری طرف مدد کا ہاتھ بڑھا سکتا ہے تو ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں لیکن اگر کوئی ‘ماتبری’ کا کردار ادا کرے گا تو ہم اسے برداشت نہیں کریں گے ۔ ہم ایک آزاد اور خودمختار ملک ہیں۔ بنگ بندھو کی بیٹی شیخ حسینہ کسی سے نہیں ڈرتی۔ ہم کسی دباو میں نہیں ہیں کیونکہ ہم بالکل واضح ہیں کہ ہم حسینہ کا ہی انتخاب کریں گے ۔ دوسرے اسے پسند کریں یا نہ کریں، یہ ان کا مسئلہ ہے ۔ ہم کسی کے دباو کے سامنے نہیں جھکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ حسینہ کی مودی سے ملاقات کے دوران کنیکٹیویٹی، تیستا پانی کی تقسیم پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔