میونسپل چیئرپرسن کے ہمراہ 43 نومنتخب اراکین نے بھی لیا حلف
رامپور( ذیشان مراد علیگ ) گزشتہ شب رامپور میونسپل بورڈ کے احاطے میں رسم حلف برداری کی ایک پر وقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں ایس ڈی ایم صدر نرنکار سنگھ نے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر رامپور میونسپل بورڈ کی نو منتخب چیئرپرسن ثناء خان زوجہ مامون شاہ خاں کو عہدے و رازداری کا حلف دلایا ۔ چیئرپرسن ثناء خان نے اللہ تعالیٰ کے نام پر حلف لیا اور بعد ازاں سبھی نومنتخب 43 میونسپل اراکین کو حلف دلایا ۔
حلف برداری تقریب کے دعوت نامے پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے صوبائی وزیر مملکت سردار بلدیو سنگھ اولکھ ، درجہ وزیر سوریہ پرکاش پال ، رکن پارلیمان گھنشام سنگھ لودھی ، شہر رکن اسمبلی آکاش سکسینہ اور مہمان ذی وقار کے طور پر کمشنر مرادآباد ڈویژن آنجنے کمار سنگھ و ضلع کلکٹر رویندر کمار ماندیڑ کے نام درج تھے ۔ لیکن تقریب میں صرف شہر رکن اسمبلی نے ہی شرکت کی ۔ سیاسی تجزیہ کار تقریب کے مہمانوں کی غیر موجودگی کو عدالت سے اعظم خاں کے بری ہونے اور دباؤ ڈال کر فرضی مقدمات لکھانے کی سازش میں کمشنر مرادآباد ڈویژن کے نام کا خلاصہ ہونے کے سبب گزشتہ دو دنوں سے ضلع کی سیاست میں آنے والی گرمی سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔
اس موقع پر نومنتخب چیئرپرسن ثناء خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ رامپور کے عوام کی جیت ہے اور وہی چیئرپرسن بنیں ہیں ۔ جس بھروسے سے عوام نے انہیں چیئرپرسن منتخب کیا ہے اس کو برقرار رکھوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لئے سبھی کا تعاون درکار ہے، سبھی کے تعاون سے شہر کی تصویر بدلی جائے گی۔ مجھے امید ہے کہ سبھی کی دعائیں اور تعاون اسی طرح ملتا رہے گا ۔
تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود بی جے پی رکن اسمبلی آکاش سکسینہ نے اعظم خاں کا نام لئے بغیر ان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی کسی فرد واحد کا کارنامہ نہیں مانا جا سکتا ، ہر فیصلہ سرکار کا ہوتا ، پیسہ سرکار جاری کرتی ۔ عوامی نمائندے صرف اس کام کی دیکھ بھال کرتے ہیں ۔ حلف برداری تقریب کو عام آدمی پارٹی کے صوبائی نائب صدر اور ترجمان فیصل خاں لالہ نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورا کر کے دکھائیں گے۔ ہم نے محلہ کلینک کا وعدہ کیا تھا ، دہلی اور پنجاب میں عآپ کی حکومت نے محلہ کلینک کھولیں ہیں ۔ انشاللہ رامپور میں بھی یہ وعدہ پورا کریں گے ۔
چیئرپرسن کے شوہر مامون شاہ خاں نے اپنے خطاب میں لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہم پر بھروسہ کیا ہے اور ہماری کوشش رہے گی کہ ہم اس بھروسے پر صد فی صد کھرے اتریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے حق میں ترقیاتی کاموں کے لئے موجودہ سرکار سے مل کر کام کریں گے ۔ مامون شاہ خاں نے کہا کہ جو لوگ ہم سے ناراض ہیں یا کسی وجہ سے دور ہیں ، وہ لوگ عوام کا بھلا چاہتے ہیں تو ہمارے ساتھ آئیں اور ہم سب مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔