بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پرچھ ماہ گزارنے کے بعد سلطان النیادی نے 4 سمتبر کو زمین پر قدم رکھاتھا
دبئی: اماراتی خلا باز سلطان النیادی کی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے واپسی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ عرب نیوز کے مطابق پیر کو ابوظبی ایئرپورٹ پہنچنے پر امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید، نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد نے سلطان النیادی کا خیرمقدم کیا۔سلطان النیادی طویل مدتی خلائی مشن پر جانے والے پہلے عرب خلا باز ہیں۔ وہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر چھ ماہ گزارنے کے بعد پیر کو وطن واپس پہنچے ہیں۔سلطان النیادی نے 4 سمتبر کو خلا سے واپسی کے بعد فلوریڈا میں وقت گزارا جہاں ان کے میڈیکل ٹیسٹ، معائنہ اور ڈی بریفنگ ہوئی۔امارات کے خلاباز سلطان النیادی ناسا کے خلاباز اسٹیفن بوون، ووڈی ہوبرگ، رکوسموس آندرے اور فیڈیایف کے ساتھ رواں برس 2 مارچ کو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

انہوں نے وطن واپسی کے قبل ٹوئٹر پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’خلا سے زمین پر واپسی کے بعد اب وطن واپسی کا وقت ہے۔ دار زاید میں آپ سے ملاقات ہو گی۔‘
صدرشیخ محمد بن زاید نے ٹویٹ کیا کہ ’مجھے اپنے بھائی محمد بن راشد کے ساتھ مل کر اماراتی خلا باز سلطان البنیادی کی وطن واپسی کی خوشی منانے کا اعزاز حاصل ہوا۔ امارات کے عوام اس کی یادگار کامیابی پر فخر سے متحد ہیں جس نے خلائی تحقیق کے ہمارےعزائم کو مزید آگے بڑھایا ہے۔‘
قبل ازیں رواں ماہ کے شروع میں سلطان النیادی کی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے واپسی کے پروگرام میں موسمی حالات کی وجہ سے تھوڑی تاخیر ہوئی تھی۔تاخیر کے بعد عرب دنیا کے پہلے خلاباز کی 4 سمتبر کو زمین پر واپسی ہوئی تھی۔ سلطان النیادی نے خلا میں 200 سے زیادہ تجربات کیے۔واضح رہے کہ خلا نوردوں کا اماراتی پروگرام محمد بن راشد خلائی سٹیشن منظم کررہا ہے۔ یہ ڈیجیٹل گورنمنٹ اینڈ کمیونیکیشن اتھارٹی کے ماتحت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی فنڈ کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اس کا مقصد کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکٹر میں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کا فروغ ہے۔