نئی دہلی، یکم نومبر (یو این آئی) انسانی حقوق کی ممتاز کارکن تیستا سیتلواڑ اور ان کے شوہر جاوید آنند کو بڑی راحت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے بدھ کے روز گجرات ہائی کورٹ کے 2019 کے حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا جس میں گجرات فسادات کے متاثرین کے لیے جمع کردہ فنڈز کے مبینہ غبن کے معاملے میں انہیں پیشگی ضمانت دی گئی تھی۔جسٹس سنجے کشن کول کی سربراہی میں اور جسٹس سدھانشو دھولیا اور پرشانت کمار مشرا پر مشتمل تین ججوں پر مشتمل سپریم کورٹ کی بنچ نے عبوری ضمانت کو مطلق قرار دینے کا حکم دیا۔عدالت عظمی نے کہا کہ اس معاملے میں کافی وقت گزر چکا ہے اور کوئی چارج شیٹ داخل نہیں کی گئی ہے۔ اس نے جوڑے کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے میں تفتیشی ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں۔سینئر وکیل کپل سبل محترمہ سیتلواڑ کی طرف سے پیش ہوئے۔ گجرات حکومت کی طرف سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو پیش ہوئے۔
سپریم کورٹ احمد آباد میں واقع گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی میں "میوزیم آف ریزیسٹینس” کی تعمیر کے لیے جمع کیے گئے فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے معاملے میں سیتلواڑ کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کر رہا تھا۔ گلبرک سوسائٹی میں 2002 کے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران 60 سے زیادہ افراد کا قتل ہوا تھا۔ان کی کی گرفتاری پر اس سے پہلے اسٹے آرڈر جاری کیا گیا جو ابھی تک مؤثر تھا کیونکہ اس معاملے کو ابھی تک نمٹانا باقی ہے۔
گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے اس کیس میں گرفتاری سے قبل ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کیے جانے کے بعد سیتلواڑ اور ان کے شوہر جاوید آنند نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ایڈیشنل سالیسٹر راجو نے عدالت کے سامنے دلیل دی کہ معاملے میں عدم تعاون کا مسئلہ ہے۔ عدالتی تحفظ جاری ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بغیر کسی جوابدہی کے اس طرح کے تحفظ کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔احمد آباد کرائم برانچ کی جانب سے فنڈز کے مبینہ خرد برد کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں سیتلواڑ اور آنند پر 2008 اور 2013 کے درمیان اپنی این جی او سبرنگ ٹرسٹ کے ذریعے مرکزی حکومت سے 1.4 کروڑ روپے کی گرانٹ حاصل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔یہ مقدمہ سیتلواڑ کے سابق قریبی معتمد رئیس خان پٹھان کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔