ممبئی:21/ مئی بروز اتوار کو ممبئی کے تاریخی آزاد میں منعقدہ جمعیۃ علماء ہند کے اجلاس عام کی کامیابی پر آج دفتر جمعیۃعلماء مہاراشٹر واقع امام باڑہ ممبئی میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نائب صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا اسجد مدنی، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا حلیم اللہ قاسمی، خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر مفتی یوسف، سیکریٹری قانونی امداد کمیٹی گلزار احمد اعظمی اور دیگرنے شرکت کی۔پروگرام میں جمعیۃ علماء کے رضاکاروں، اسٹیج کانٹریکٹر، لائٹ اینڈ ساؤکانٹریکٹر، اے سی کا نٹریکٹر، سی سی ٹی وی اور کیمرہ کانٹریکٹر، باورچی اور دیگر لوگوں کا نائب صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا اسجد مدنی نے جائے نماز، عطر اور پرفیوم سے استقبال کیا۔اس موقع پر مولانا اسجد مدنی نے کہا کہ ہمارے بزرگ رہنما گلزار اعظمی صاحب کی سرپرستی میں تمام امور بحسن خوبی انجام پا ئے جس کے لیئے وہ گلزار اعظمی کے ممنون و مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پروگرام کو ترتیب دینا اور ہر چیز کو منصوبہ بند طریقے سے انجام دینے میں ہر وقت ہمیں گلزار صاحب کی سرپرستی حاصل رہی، کھانے پانی سے لیکر ہر طرح کی ضروری سہولتیں ملک کے کونے کونے سے ممبئی تشریف لانے والے جمعیۃ علماء ہند کی جنرل باڈی کے ممبران کو مہیا کرایا گیا۔اس موقع پر گلزار اعظمی صاحب نے بھی اپنے خیال کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ جمعیۃ علماء ہند اور اس کے اکابرین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ ہم ممبئی جیسے مصروف اور حساس ترین شہر میں اتنا بڑا پروگرام کامیابی سے کرپائے۔انہوں نے کہا کہ بطور میزبان جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے بیرون ریاست اور بیرون شہر سے تشریف لانے والے تمام لوگوں کی احسن طریقے سے خدمت کرنے کی کوشش، گرمی کی شدت سے بچنے کے لیئے انجمن اسلام میں اے سی پنڈال کا بندوبست کیا گیا اسی طرح مہمانوں کوہر وقت الگ الگ طریقے کا کھانا دیا گیا۔جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے بھی کہا کہ مولانا اسجد مدنی کی رہنمائی کی وجہ سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کو ملا جس کا فائدہ ہمیں مستقبل میں ضرور ہوگا۔ اس موقع پر روز ڈیکوریٹر کے افتخار احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا اسجد مدنی کی رہنمائی کی وجہ سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا، انہو ں نے مزید کہا کہ مستقبل کے پروگراموں میں یقینا وہ ان کے مشوروں پر عمل کریں گے۔افتخار احمد نے مزید کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں جمعیۃ علماء کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔پروگرام میں مفتی شہاب الدین(جھارکھنڈ)، مولانا اشتیاق(نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر)حافظ عارف، مولانا عبدالواہاب، مولانا فیاض،مفتی حفیظ اللہ و دیگر موجود تھے۔