نئی دہلی(ایجنسیاں)بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و رقاصہ راکھی ساونت نے عمرے کی سعادت توحاصل کرلی ہے،لیکن ان نے سفر مکہ و مدینہ اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی اطلاع پر سوشل میڈیا پر مختلف انداز میں تبصرے کئے جارہے ہیں۔ذہن نشیں رہے کہ پچھلے دنوں ہندوستان ایکسپریس نے اپنی سابقہ رپورٹ میں راکھی ساونت کی سعودی عرب روانگی اورپھر مدینہ منورہ سے راکھی کی ویڈییو سامنے آنے کی اطلاع دی تھی۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی اہم لوگوں کی رائے دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس تعلق سے معروف صحافی،ہف روزہ "نئی دنیا ” کے مدیر و سابق رکن راجیہ سبھا شاہد صدیقی نے راکھی ساونت کی تصویر فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھاکہ "یہ سچ ہے کہ جب راکھی ساونت عمرہ کرنے گئی تو مکہ میں زبردست طوفان آیا۔ لیکن عام لوگوں کو اس کی نیت پر سوال کرنے کا کوئی حق نہیں کیونکہ دلوں کا حال اللہ ہی جانتا ہے۔ نہ جانے کب کس کے دل میں ایمان کا چراغ روشن کر دے”۔
زیادہ تر لوگوں نے شاہد صدیقی کے خیالات سے اتفاق کیا ہے،لیکن کچھ لوگوں نے راکھی ساوت کے ماضی کو یاد کرتے ہوئے یہ یاد دلایا ہے کہ یہ بھی ایک حقیقت ہے۔اس ضمن میں منیش شکلا نامی ایک یوزر نے غیر شائستہ بلکہ بیہودہ تبصرہ بھی کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ "ا گلی پیغمبر یا اور کچھ جو پوسٹ ہوتی ہو،وہ بن سکتی ہے۔۔۔۔ کوئی کمی نہیں ہے ہماری راکھی ساونت میں۔”
بہرحال آپ کو یہ بتانا چاہیں گے کہ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر راکھی ساونت عرف فاطمہ نے مختلف ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں انہیں ڈیزائنر شائستہ علی خان اور ان کے شوہر و میڈیا انٹرپینور واحد علی خان کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں راکھی ساونت عرف فاطمہ کو مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ کے در پر حاضری دیتے ہوئے جبکہ دوسری ویڈیو میں انہیں مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ انسٹاپوسٹ واحد علی خان نے بھی اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’بہن سے کیا وعدہ نبھایا‘ اور ساتھ ہی انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔اس موقع پرراکھی ساونت کو مقامی ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی خوشی میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے بطور تحفہ کیک بھی دیا گیا جس کو کئی عالمی میڈیا میں خبر بھی بنایا گیا ہے۔