واشنگٹن: غزہ میں اسرائیل کی طرف سے کی جانے والی بربریت انسانیت ہونے والے ہر ایک کے ردعمل کا موجب بن رہی ہے۔امریکی شہر سان فرانسسکو میں سینکڑوں افراد نے غزہ کی حمایت میں مارچ کیا۔سٹی ہال کے سامنے جمع لوگوں نے نعرے لگائے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی۔دوسری جانب امریکی ریاست نیویارک میں ہزاروں افراد نے واشنگٹن اسکوائر پارک میں جمع ہو کر فلسطین کی حمایت کا مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے، غزہ پر اسرائیل کے قبضے کو مستقل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے، "بلیک فرائیڈے” نامی شاپنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت کرنے والی کمپنیوں کا بائیکاٹ کیا۔

اسی درمیان سویڈن سے موصولہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت اسٹاک ہوم کے ٹرین سٹیشن پر مظاہرین جمع ہوئے اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بینرز اٹھا ئے۔
دوسری جانب ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں بھی غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔مظاہرین نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے امتیازی سلوک کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ مظاہرے میں اس بات پر احتجاج کیا گیا کہ ہالینڈ کی انتظامیہ نے اب تک جنگ بندی کا مطالبہ نہیں کیا۔
دریں اثناء خبر ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں ہزاروں افراد نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملوں کے خلاف احتجاج کیا۔ہجوم نے فلسطینی اور یمنی پرچم لہرائے اور غزہ کی حمایت میں نعرے لگائے۔ خیال رہے کہ7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں تقریباً 15 ہزار فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔