امپھال، 31 اکتوبر (یو این آئی) منی پور کے ایک سینئر پولس افسر چنگتھم آنند کو منگل کے روز موریہہ کے مشرقی گراؤنڈ میں مشتبہ کوکئی انتہائی پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔پولس نے کہا کہ مسٹر آنند سرحدی شہر میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے طور پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے اور ہیلی کاپٹر سروس کو فعال کرنے کے لیے علاقے میں کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ مسٹر آنند کو طویل رینج کے ہتھیار سے نشانہ بنایا گیا اور گولی ان کے سینے میں لگی۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد مشتبہ کوکی انتہا پسندوں نے دیگر پولس اہلکاروں پر بھی حملہ کیا۔ سرحدی قصبے میں دونوں طرف سے شدید فائرنگ کی اطلاع ہے۔ چونکہ مختلف کوکی تنظیموں نے شاہراہ پر پولس کی نقل و حرکت روک دی ہے، سرحدی شہر میں صرف چند پولس اہلکار ڈیوٹی پر تھے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی دستے بھیجے گئے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران، منی پور پولس کے اہلکاروں نے تقریباً 11 میانماری شہریوں کو گرفتار کیا تھا جو موریہہ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔1991 میں کوکی- ناگا تنازعہ کے بعد موریہہ میں کوئی ناگا بستی باقی نہیں بچی تھی اور 3 مئی 2023 کو شروع ہونے والے میتی-کوکی تنازعہ کے بعد تمام میتی باشندے سرحدی شہر سے فرار ہو گئے تھے۔