چنڈی گڑھ(یو این آئی) پنجاب عام آدمی پارٹی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا ہے۔آپ کی پنجاب اکائی نے چندی گڑھ میں بی جے پی کے دفتر کے سامنے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا، جہاں پولیس نے ان کے خلاف واٹر کینن کا استعمال کیا۔ پنجاب کے وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ نے احتجاج میں شامل ہونے سے پہلے ایک پریس کانفرنس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں شراب کا کوئی گھپلہ نہیں ہوا ہے۔ اگر کوئی گھپلہ ہوتا تو دہلی حکومت کو کچھ نقصان ہوتا، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا، جس سے یہ ثابت ہو گیا کہ شراب کی پالیسی میں کوئی گھپلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب پالیسی کی یہ تحقیقات، سیاست دانوں، دکانوں اور خوردہ فروشوں پر ہزاروں چھاپے اورآپ لیڈروں اور کچھ تاجروں کی گرفتاری، یہ سب بی جے پی کی عام آدمی پارٹی کو روکنے کی ایک وسیع سازش ہے۔
پریس کانفرنس میں ہرپال چیمہ کے ساتھ کابینہ کے وزراءہربھجن سنگھ ای ٹی او، چیتن سنگھ جوڑاماجرا، برہم شنکر جمپا اور آپ پنجاب کے ورکنگ اسپیکر اور ایم ایل اے بدھ رام بھی موجود تھے۔ چیمہ نے کہا کہ بی جے پی کا گراف دن بہ دن گرنے سے مایوس اور گھبرایا ہوا ہے۔ بی جے پی نے مرکز میں نو سال سے زائد عرصے تک حکومت کی ہے، لیکن اب وہ اپنی نفرت، سرمایہ داروں سے محبت اور عوام دشمن پالیسیوں کی آنچ محسوس کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہر اس شخص کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں جو ان کے خلاف بولتا ہے، ان کے مظالم اور آمرانہ رویے کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو پتہ ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ان کی شکست یقینی ہے، اس لئے بی جے پی لیڈر سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ اپوزیشن لیڈروں پر حملہ کررہے ہیں۔
آپ لیڈر نے کہا کہ پہلے انہوں نے دہلی کے سابق وزیر تعلیم منیش سسودیا کو گرفتار کیا اور اب انہوں نے ایک اور سینئر آپ لیڈر سنجے سنگھ کو گرفتار کیا ہے۔ چیمہ نے کہا کہ سنجے سنگھ ہمیشہ بی جے پی حکومت، اس کی بدعنوانی اور عوام مخالف اقدامات کے خلاف بہت آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سے بی جے پی حکومت کے ہرغلط فیصلے اورلوٹ مار کی مخالفت کی۔ بی جے پی آپ لیڈر سنجے سنگھ کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ای ڈی نے ان کے چارکمروں کے گھر پر آٹھ گھنٹے تک چھاپہ مارا لیکن کچھ نہیں ملا، پھر بھی انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے انہیں گرفتار کر لیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ یہ آپ لیڈر منیش سسودیا کے واقعہ کا اعادہ ہے۔ ہم بی جے پی حکومت کی اس گرفتاری اور آمرانہ عمل کی مذمت کرتے ہیں۔
چیمہ نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کا ہونا جمہوریت کی خوبصورتی ہے، لیکن بی جے پی کی حکومت سی بی آئی اور ای ڈی جیسی مرکزی ایجنسی کا غلط استعمال کرکے ملک میں آمریت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ بتاتی ہے کہ ہندوستان میں جب بھی کسی حکومت نے آمریت کا سہارا لیا ہے، ہندوستانی عوام نے ہمیشہ انہیں سبق سکھایا ہے۔ ملک کے عوام آمریت کو کبھی برداشت نہیں کرے گی۔میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے آپ پنجاب کے قائم مقام اسپیکر اورایم ایل اے بدھ رام نے کہا کہ ای ڈی کو سنجے سنگھ کے گھر سے ایک پیسہ یا ایک بھی غیر قانونی دستاویز نہیں ملا۔ بی جے پی حکومت کی اس طرح کی حرکت ظاہر کرتی ہے وزیر اعظم نریندر مودی کتنے گھبرائے ہوئے ہیں، لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وہ ہمیں ڈرا نہیں سکتے۔ بی جے پی مایوس ہے۔ مودی سرکار بڑے سرمایہ داروں کی دوست ہے جبکہ مسٹر سنگھ عام لوگوں کی آواز ہیں، جنہوں نے امبانی اور اڈانی کی طرفداری کی مخالفت کی۔ بدھ رام نے کہا کہ بی جے پی کی ایسی حکمت عملی عام آدمی پارٹی کو نہیں روک سکے گی۔ آپ لیڈر نے کہا کہ چاہے کتنے ہی چھاپے یا گرفتاریاں کی جائیں، وہ ہمیں روکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔