نئی دہلی، یکم نومبر (یو این آئی) مرکزی وزیرخزانہ نرملا سیتا رمن یکم نومبر 2023 سے سری لنکا کے سہ روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گی۔اپنے دورے کے دوران محترمہ سیتا رمن سری لنکا میں ہندوستانی نژاد تملوں (IOTs) کی آمد کی 200 ویں سالگرہ کے موقع پر سری لنکا کی حکومت کی جانب سے منعقد ہونے والے ‘NAAM 200′ میں مہمان خصوصی کے طور پر کلیدی خطبہ دیں گی۔ یہ پروگرام 2 نومبر کو کولمبو کے سوگتھاداسا انڈور اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا۔’NAAM 200’ میں سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، سری لنکا کے وزیر اعظم دنیش گونا وردنے، پانی کی فراہمی اور اسٹیٹ انفراسٹرکچر کی ترقی کے وزیر جیون تھونڈامن، سیاسی جماعتوں کے سینئر رہنما اور کئی دیگر معززین شرکت کریں گے۔ . ہندوستانی سیاسی جماعتوں کے دیگر مدعو اراکین اور ملیشیا کی تمل کانگریس کے نمائندے بھی اس تقریب میں موجود ہوں گے۔
مرکزی وزیر خزانہ سیتا رمن 2 نومبر کو انڈیا ۔سری لنکا بزنس سمٹ میں کلیدی خطبہ بھی دیں گی، جس کا اہتمام کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (CII)، ہند-لنکا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سیلون چیمبر نے مشترکہ طور پر کیا ہے ۔ کنیکٹیویٹی : خوشحالی کے لیے پارٹنرشپ کے موضوع پر اس سمٹ کا انعقاد کولمبو کے ہوٹل تاج سمندر میں کیا جائے گا۔
سرکاری دورے کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر خزانہ سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے اور سری لنکا کے وزیر اعظم دنیش گنا وردنے سے ملاقاتیں کریں گی۔مرکزی وزیر خزانہ سری لنکا میں مذہبی مقامات کی شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے لیے مفاہمت نامے کے تبادلے کا مشاہدہ کریں گی ۔ ان معاہدوں کے تحت ہندوستان بدھ مت کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مختص کردہ 107.47 کروڑ روپے کی حکومت ہند کی گرانٹ میں سے 82.40 کروڑ روپے سری لنکا کو مختص کرے گا۔
محترمہ سیتا رمن بالترتیب 2 اور 3 نومبر کو ٹرنکومالی اور جافنا میں ایس بی آئی کی شاخوں کا افتتاح بھی کریں گی۔سری لنکا کے اپنے دورے کے دوران مرکزی وزیر خزانہ کینڈی میں سری دلڈا مالیگاوا (مقدس دانتوں کے آثار کا مندر)، انورادھا پورہ میں جئے سری مہا بودھی، ٹرنکومالی میں تھرکونیشورم مندر اور جافنا میں نالور کنڈاسوامی مندر کا دورہ کریں گی۔مذکورہ پروگراموں کے علاوہ مرکزی وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران لنکا آئی او سی آئل ٹینک فارم، جافنا کلچرل سینٹر اور جافنا پبلک لائبریری کا بھی دورہ کریں گی۔