مطلوب شدت پسندوں کی گرفتاری کو یقینی بنانے والی معلومات دینے والوں کیلئے انعام کااعلان
نئی دہلی: ہند-کینیڈا کے درمیان ایک خالصتان نوازلیڈر کے قتل کے حوالے سے الزامات اورجوابی الزامات کے درمیان جہاں دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں کشیدگی پائی جارہی ہے،وہیں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے خالصتانی دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اپنی کارروائی تیز کردی ہے۔ بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں، ایجنسی نے کہا، "ایجنسی کی فہرست میں شامل دہشت گردوں کی گرفتاری کا باعث بننے والی معلومات کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر رہی ہے”۔ہرویندر سنگھ سندھو عرف رنڈا اور لکھبیر سنگھ سندھو عرف لنڈا پر 10 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔
ایجنسی نے بیان میں کہا، ”ان دہشت گردوں کے تین ساتھیوں کو گرفتار کرنے میں مدد کرنے والوں کو 5 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ یہ ساتھی ہیں – پرمیندر سنگھ کائرہ عرف پٹو، ستنام سنگھ عرف ستہ اور یادویندر سنگھ عرف یادہ۔ ان کے بارے میں این آئی اے نے کہا، "رندا ایک دہشت گرد ہے جو پاکستان میں موجود ہے۔ وہ ببر خالصہ انٹرنیشنل کا رکن ہے۔ وہ اصل میں ناندیڑ مہاراشٹر کا رہنے والا ہے۔ ان کی مستقل رہائش پنجاب کے شہر ترن تارن میں ہے۔ لنڈہ ترن تارن کے گاؤں ہریکے کا رہائشی ہے۔ پرمیندر سنگھ کھیڑا کا تعلق فیروز پور سے ہے۔ ایجنسی کے مطابق ان تمام کے خلاف کالعدم دہشت گرد تنظیم بی کے آئی کے لیے فنڈز جمع کرنے کا الزام ہے۔ ان پر پنجاب کے اندر لوگوں کو قتل کرنے کا بھی الزام ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملزمان مزید لوگوں کو لالچ دے کر بی کے آئی سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔