نئی دہلی: ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی کے درمیان قومی تفتیشی ایجنسی” این آئی اے” نے خالصتانی-گینگسٹر گٹھ جوڑ کے خلاف ایک بڑا کریک ڈاؤن شروع کیا ہے، جس میں متعدد ریاستوں میں 50 سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ خالصتانی-گینگسٹر گٹھ جوڑ پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کو پنجاب، ہریانہ، دہلی-این سی آر، راجستھان، اتراکھنڈ اور اتر پردیش میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ این آئی اے نے اپنے چھاپے کے دوران، سندر عرف زورا کو حراست میں لیا، جو گینگسٹر سے دہشت گرد بنے ارش ڈالا کاساتھی ہے۔ فیروز پورپنجاب میں یہ ایکشن لیا گیا۔ زورا سے چندی گڑھ میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق متعدد ریاستوں میں 50 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یہ پیشرفت ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی کے درمیان ہوئی ہے جب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے 18 جون کو برٹش کولمبیا میں اپنے ملک کی سرزمین پر خالصتانی انتہا پسند ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں ہندوستانی ایجنٹوں کے "ممکنہ” ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔ نئی دہلی نے اس الزام کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔
این آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ خالصتانی اور دیگر ممالک میں مقیم گینگسٹر عناصر ملک میں منشیات اور ہتھیاروں کے لیے اوور گراؤنڈ کارکنوں کو حوالات کے ذریعے فنڈ فراہم کر رہے تھے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تحقیقاتی ایجنسی کو خالصتانی-آئی ایس آئی اور گینگسٹر گٹھ جوڑ کے بارے میں معلومات ملی ہیں۔ یو اے پی اے کے تحت گرفتار عناصر اور خالصتانیوں سے اب تک موصول ہونے والی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ یہ گٹھ جوڑ دہشت گردوں کی فنڈنگ، ہتھیاروں کی سپلائی اور غیر ملکی سرزمین سے ملک دشمن سرگرمیوں کو انجام دینے میں ملوث ہے۔
بدھ کو پنجاب میں 30 مقامات، راجستھان میں 13 مقامات، ہریانہ میں چار مقامات، اتراکھنڈ میں دو مقامات اور دہلی اور اتر پردیش میں الگ الگ مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ سفارتی تنازعہ کے درمیان، ہندوستان نے حال ہی میں کینیڈا کے شہریوں کو ویزوں کا اجراء عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا اور اوٹاوا سے کہا کہ وہ ملک میں اپنی سفارتی موجودگی کو کم کرے۔