لکھنؤ: مولانارابع حسنی ندویؒ امت اسلامیہ کے نگہبان تھے ۔ عالم اسلام کے ممتاز علماء کرائے میں ان کاشمار ہوتا تھا وہ ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم تھے،اورمسلمانان ہند کے تمام مسالک کے متحدہ نمائندہ ادارے آپ انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر تھے۔ملک وبیرون ملک کے متعدد مذہبی ، علمی،تعلیمی،ثقافتی اورادبی تنظیموں واداروں کے سرپرست تھے،مولانامرحوم ایک صاحب نسبت بزرگ تھے اوردین اسلام کے خامو ش خادم تھے۔تزکیہ وسلوک اورراہ معرفت میں اعلیٰ درجہ پرفائز تھے۔وہ متعدد صفات وکمالات سے آراستہ تھے اوربیک وقت معلم،مبلغ،مصلح قوم،مصنف اوردانشورصحافی بھی تھے۔
مولانانے دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ میں 70برسوں سے زائد مدت درس وتدریس میں گزاری،پوری دنیا میں مولانا کے ہزاروں شاگرد رشید پھیلے ہوئے ہیں۔مذکورہ خیالات کااظہاراجلاس کے کنوینراوراسلامک سینٹرآف انڈیا کے چیئرمین مولاناخالد رشیدفرنگی محلی نے اسلامک سینٹرآف انڈیا عیش باغ عید گاہ میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ یہ پریس کانفرنس زیراہتمام انجمن اصلاح المسلمین ’میرکارواں حضرت مولاناسید محمدرابع حسنی ندوی -حیات وخدمات‘ کے عنوان سے ہونے والے 28مئی 2023کے اجلاس کے سلسلے میں منعقد ہوئی۔
انجمن اصلاح المسلمین کے سیکریٹری وممتازپی جی کالج کے منیجرسید اطہرنبی ایڈوکیٹ نے کہاکہ خانوادۂ علم وادب کے چشم وچراغ حضرت مولانا سید محمدرابع حسنی رحمتہ اللہ علیہ کی شخصیت انتہائی نرم دل، خاموش مزاج اورادب شناس تھی، مولاناعلم وعمل کے پیکر،اخلاص وللہیت کے خوگر،مسلم پرسنل لابورڈ کے سالار، اسلاف کی یادگار،ملت اسلامیہ کے رمز شناس تھے،زہد وغمگساری، ایثاروقربانی، شفقت ومحبت جیسے اوصاف وکمالات سے آپ متصف تھے، فرد نہیں انجمن تھے،نام نہیں تحریک تھے۔آپ مولاناابوالحسن علی میاں ندویؒ کے بھانجے اورشاگردرشید بھی تھے،اورمولاناعلی میاں ندویؒ کے تربیت یافتہ بھی تھے،اورمولاناعلی میاں کے بعد مولانا کے مشن کولیکرآگے بڑھے اوراس کاحق اداکردیا آپ نے خاموش خدمت کے علماء کرام اوراپنے ہم عصروں کویہ سبق دیاکہ خاموش خدمت کرتے رہیں اوراپنے حصے کاکام کرتے جائیں،آپ ایک جید عالم ہونے کے ساتھ عربی ادب کے بڑے انشا پردازاورادیب تھے۔
اجلاس کی صدارت آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکریٹر ی حضرت مولاناخالد سیف اللہ رحمانی کریں گے۔اورمولاناہی کے بدست مولانارابع حسنی ندویؒ کے نام سے منسوب اولڈایج ہوم کاقیام عمل میں آئے گا۔ اوراجلاس میں ملک وملت کی اہم شخصیات شرکت فرمائیں گی۔
’میرکارواں حضرت مولاناسید محمدرابع حسنی ندوی -حیات وخدمات‘ اجلاس بمقام ممتاز پی جی کالج،موہن میکن روڈ،ڈالی گنج میں28مئی2023بروزاتوار منعقد ہوگا۔ اس موقع پر پریس کوخطاب کرتے ہوئے منیجرممتازپی جی کالج سید اطہرنبی ایڈوکیٹ نے یہ بھی اعلان کیا کہ ماہرقانون وقائد ملت ظفریاب جیلانی کا انتقال17مئی 2023کوہواہے۔ان شاء اللہ ان کی گراں قدرخدمات کے اعتراف میں ایک بڑی کانفرنس لکھنؤ میں منعقد کی جائے گی۔اطہرنبی نے مزید بتایا28مئی کومجوزہ مولانارابع حسنی ندویؒ کانفرنس کے موقع پر ظفریاب جیلانی نرسنگ کالج کی سنگ بنیاد بدست عالی جناب مولاناارشد مدنی صاحب صدر جمعیۃ العلماء کے دست مبارک سے رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ظفریاب جیلانی کی حیات وخدمات پرایک خصوصی شمارہ بھی شائع کیاجائے گا۔