پٹنہ(یواین آئی )ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر صداقت آشرم میں آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر ڈاکٹر اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا کہ لوٹ مار بی جے پی کی فطرت ہے اور یہی اس کا ڈی این اے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک کی مالی حالت اس قدر ابتر ہے کہ عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ گزشتہ 15-16 مہینوں میں سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے خوردہ افراط زر کی شرح بلند ترین سطح پر رہی۔پٹرول ،گیس کی قیمتوں میں جو کمی آئی ہے وہ آئندہ انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ملک بی جے پی کی ریورس رابن ہڈ حرکت سے اچھی طرح واقف ہے۔ کیونکہ مرکزی حکومت پہلے ہی پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی کے ذریعے کل 72.160 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ پچھلے ساڑھے 9سال میں مودی حکومت نے رسوئی گیس کے دام میں لگاتار اضافہ کرکے 31.37کروڑ افراد کولوٹا ہے۔ انہوں نے عوام کی جیب پر 833640.76کروڑ کی لوٹ کی ہے۔ صرف ہماری اجولا بہنوں سے ہی 2017سے اب تک مودی جی نے 68702.76کروڑ لوٹ لیے۔ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 200روپے کی کٹوتی ووٹروں کو لبھانے اور آئندہ ہونے والے پانچ انتخابات میں فائدہ اٹھانے کے لئے کی گئی ہے۔ڈاکٹر اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا کہ گزشتہ سات سالوں میں عام آدمی کی آمدنی میں صرف 38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے برعکس حکومت نے لوگوں سے پٹرول پر 220فیصد اور ڈیزل پر 600فیصدزیادہ ٹیکس وصول کیا، حکومت آپ کے پیسوں سے اپنی جیبیں بھر رہی ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاءکی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور امبانی اور اڈانی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ جی۔ 20 کے نام پر وہ عوام کے پیسے سے خود کا پرچار کر رہے ہیں۔ مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لیے مودی حکومت طرح طرح کے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے۔ کبھی انڈیا اور بھارت کے نام پر تنازعہ کھڑا کرتی ہے تو کبھی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلا کر ایک ملک، ایک الیکشن کا شگوفہ چھوڑتی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار ملک کے صدرر رہ چکے شخص کو حکومت کے ماتحت کام کرنے پر مجبورکیا جاتا ہے۔ یہ حکومت ویژن کے بغیر چلنے والی حکومت ہے۔ حکومت انڈیا الائنس کے قیام کے بعد سے بے چین ہے، کیونکہ وہ جانتی ہے کہ اپوزیشن 60 فیصد آبادی کی نمائندگی کرتا ہے۔پریس کانفرنس سے بہاراسمبلی میں کانگریس کے لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2014 سے لے کر آج تک مودی حکومت نے کئی وعدے کیے لیکن آج تک اس نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ پریس کانفرنس میں شامل دیگر کانگریس لیڈران میں سابق وزیرکرپاناتھ پاٹھک، لال بابو لال، پرمود کمار سنگھ، راجیش راٹھوڑ، برجیش پانڈے، راج کمار راجن، چندر پرکاش سنگھ، آنند مادھو، اسیت ناتھ تیواری، پربھات کمار سنگھ، نونیت جے پور یاراورگیان رنجن کے نام قابل ذکر ہیں۔