علی گڑھ: قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی-2020) کی تیسری سالگرہ پرآج منعقد ہونے والے ’اکھل بھارتیہ شکشا سماگم‘ کی لائیو اسٹریمنگ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں کی گئی جس میں اے ایم یو کے طلباء، اساتذہ، اسکولوں کے اساتذہ اور عملے کے اراکین نے ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر عبدالعلیم کی قیادت میں کثیر تعداد میں شرکت کی اور وزیر اعظم کے افتتاحی خطاب کوبغور سنا۔
پرگتی میدان، نئی دہلی میں نو تعمیر شدہ بھارت منڈپم میں منعقدہ اس پروگرام میں ملک کے مختلف علاقوں سے اساتذہ، طلباء اور دیگر اعلیٰ تعلیمی عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پرطلباء کے تیار کردہ فن پاروں اورسائنس وٹکنالوجی کے ماڈلز کی ایک بڑی نمائش بھی لگائی گئی تھی، جس کے چنندہ حصوں کا مشاہدہ لائیو اسٹریمنگ میں شریک ہوکر اے ایم یو کے طلباء و اساتذہ نے کیا۔
وزیر اعظم شری نریندر مودی نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے بچوں، طلباء اور اساتذہ کے ساتھ بات چیت کی۔ انھوں نے کہا کہ این ای پی- 2020 نوجوانوں کی ایک نئی نسل تیار کرے گی جو 2047ء تک یعنی ملک کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے قومی ہدف کی تکمیل میں معاون ہوں گے ۔
اے ایم یو کے مختلف شعبہ جات اور اسکولوں کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے این ای پی 2020کے ذریعے ملک میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کرنے کے سلسلہ میں وزیر اعظم کے خطاب کو بغور سنا اور اس میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کیا ۔