پرندہ ٹکراتے ہی اُڑن کھٹولہ کا آئینہ ٹوٹ گیا، ایمرجنسی لینڈنگ
حیدرآباد:کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمار آج ہیلی کاپٹر کے ایک حادثہ میں بال بال بچ گئے۔ڈی کے شیو کمار بنگلور میں اسمبلی الیکشن کیلئے پارٹی کے انتخابی منشور کی اجرائی کے بعد انتخابی مہم میں حصہ لینے بنگلور سے بذریعہ ہیلی کاپٹر کولار روانہ ہوئے۔ فضاء میں 100 فیٹ کی بلندی پر ایک چیل ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ہیلی کاپٹر کے سامنے کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ ہوا کے دباؤ کے نتیجہ میں شیشہ میں دراڑیں پڑ گئیں۔ ہیلی کاپٹر میں ہوا کے تیزی سے دباؤ کے سبب رفتار پر قابو پانا پائیلٹ کیلئے مشکل ہوچکا تھا۔ پائلٹ نے خطرہ کا اندازہ کرتے ہوئے فوری ہنگامی طور پر لینڈنگ کی اور بڑے حادثہ کو ٹال دیا۔ شیو کمار کے علاوہ ان کے بعض ساتھی بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔
سیاست نیوزکے مطابق ڈی کے شیو کمار نے ٹوئٹر پر اس واقعہ کو ٹوئیٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ملبگل کے راستہ میں ہمارا ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوا جس میں میرے بعض ساتھیوں کو معمولی زخم آئے۔ انہوں نے عوام کی نیک خواہشات پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ میں محفوظ ہوں، اور ایمرجنسی لینڈنگ کیلئے پائیلٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ڈی کے شیو کمار سڑک کے راستہ انتخابی مہم کیلئے روانہ ہوئے۔ر