نئی دہلی: شاہ رخ خان کی فلم جوان نے 11ویں دن ہی 800 کروڑ روپے کی عالمی کمائی کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ ہندوستان میں اس نے 11ویں دن تک 430 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ یہ ایک ریکارڈ ہے۔فلموں کی کمائی پر نظر رکھنے والی منوبالا وجے بالن نے کچھ دیر قبل ایک ٹویٹ میں کہا ’’جوان نے صرف 11 دنوں میں 800 کروڑ روپے کی کمائی کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ ایسا کرنے والی یہ سب سے تیز فلم ہے۔ پٹھان دوسرے نمبر پر ہے”۔
ان کے مطابق 11ویں دن یعنی اتوار تک جوان نے کل 821.85 کروڑ روپے کمائے ہیں۔
تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش نے بتایا کہ فلم نے دوسرے ہفتے کے آخر میں 82.5 کروڑ روپے کما کر نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس فلم نے اب تک ہندوستان میں 430.44 کروڑ روپے کما لیے ہیں۔
یاد رہے کہ بالی وڈ کے سپرسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ نے ہندی سینیما کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ سات ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے اپنے پہلے ہی دن 100 کروڑ یعنی ایک ارب روپے کی کمائی کا ہندسہ عبور کر لیا۔پہلے سے ہی فلم جوان کی اوپننگ کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں لیکن کسی نے بھی اس زبردست شروعات کا تصور نہیں کیا تھا کہ یہ فلم عالمی سطح پر اس قدر دیکھی جائے گی اور پہلے دن ہی 100 کروڑ روپے کا بزنس کر لے گی۔یہی نہیں اس نے دوسرے دن بھی 100 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا ہے اور یہ دونوں اپنے میں علیحدہ علیحدہ اور مجموعی ریکارڈ بھی ہیں۔