کینڈی:سری لنکا کے شہر کینڈی میں مسلسل بارش کے باعث ایشیا کپ میں گروپ اے کے ہائی وولٹیج مقابلے کو ختم کردیا گیا۔ میچ ختم کیے جانے کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ۔ اس میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 266 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی نے بولنگ سے میچ کا آغاز کیا۔ میچ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اس وقت ہندوستان نے 4 اعشاریہ 2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنا لیے تھے۔
بارش رکنے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو شاہین آفریدی نے فوراً ہی پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے ہندوستانی کپتان کو 11 رنز پر بولڈ کردیا۔شاہین آفریدی نے اننگز کے 5ویں اوور میں 15 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
اننگز کے 6 اعشاریہ 3 اوور میں شاہین آفریدی نے 27 رنز پر بھارت کی دوسری وکٹ بھی حاصل کی جب انہوں نے ویرات کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔ ہندوستان کی تیسری وکٹ حارث رؤف نے 48 رنز پر حاصل کی جب انہوں نے شریاس ایئر کو 14رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔
شبمن گل اور ایشان کشن نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 66 کے مجموعے پر گِل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا، انہوں نے 10 رنز بنائے۔
اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ایشان کشن اور ہاردیک پانڈیا نے اپنی ٹیم کےلیے ریسکیو عمل شروع کیا اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 138 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر بڑے ٹوٹل کی گھنٹی بجادی۔ دونوں بیٹرز نصف سنچریاں ممکمل کرنے کے بعد سنچری کی جانب گامزن تھے کہ حارث رؤف نے بلآخر 38ویں اوور میں اس خطرناک پارٹنرشپ کو توڑ دیا۔ انہوں نے ایشان کشن کو کیچ آؤٹ کروایا، کشن نے 81 گیندوں پر 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔انکے بعد شاہین آفریدی نے اپنے آٹھویں اوور میں پہلے ہاردیک پانڈیا اور پھر رویندرا جاڈیجا کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ ہاردیک پانڈیا نے دباؤ کے باوجود 87 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جبکہ رویندرا جاڈیجا نے 14 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کو کیچ آؤٹ کروا کر بھارت کے بڑے ٹوٹل کی جانب سفر کو بریک لگادی۔اختتامی لمحات میں جسپریت بومرا نے 16 رنز بنا کر ٹیم کو 266 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔ 49ویں اوور میں نسیم شاہ نے پہلے کلدیپ یادیو اور پھر جسپریت بومرا کو کیچ آؤٹ کروایا۔
پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں فاسٹ بولرز نے لیں۔ شاہین آفریدی 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستانی اننگز کے بعد اسٹیڈیم میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث کٹ آف ٹائم تک بھی میچ شروع نہ ہوسکا جس کے باعث میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ خیال رہے کہ پالی کیلے اسٹیڈیم میں ہندوستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔