سلالہ (یو این آئی) ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ہفتہ کو ہاکی 5 ایس ایشیا کپ جیت کر ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ 2024 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ہندوستانی مردوں نے ایشین کوالیفائر کے ایک سنسنی خیز فائنل میں پاکستان کو 4-4 (شوٹ آؤٹ 2-0) سے شکست دے کر عالمی ایونٹ میں جگہ بنا لی۔ ہندوستان کی جانب سے محمد راحیل (19ویں، 26ویں منٹ) نے دو گول کئے جبکہ جوگراج سنگھ (ساتویں منٹ) اور منیندر سنگھ (10ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبدالرحمٰن (پانچویں منٹ)، عبدالرانا (13ویں منٹ)، ذکریا حیات (14ویں منٹ) اور ارشد لیاقت (19ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا اور مقررہ وقت تک اسکور برابر رہنے کی وجہ سے میچ شوٹ آؤٹ می چلا گیا۔
شوٹ آؤٹ میں ہندوستان کی جانب سے گرجوت سنگھ اور منیندر سنگھ گول کرنے میں کامیاب رہے جب کہ پاکستان کی جانب سے محمد مرتضیٰ اور ارشد لیاقت گول نہ کر سکے۔
لیگ مرحلے میں پاکستان سے قریبی میچ ہارنے کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے جوش و خروش سے آغاز کیا اور مخالف ٹیم پر دباؤ بنایا۔ تاہم، پاکستان نے بائیں جانب سے مواقع پیدا کرنا شروع کر دیے۔ ہندوستانی گول کیپر سورج کارکیرا نے اہم ڈیفنس کرنے کے لیے قدم بڑھایا لیکن عبدالرحمان نے پانچویں منٹ میں پاکستان کا پہلا گول کردیا۔
پاکستان زیادہ دیر تک ہندوستان کی فارورڈ لائن کو پرسکون نہ رکھ سکا۔ جوگراج اور منیندر نے تین منٹ میں ہندوستان کو 2-1 سے آگے کردیا۔ ہندوستان کی برتری ہاف ٹائم تک برقرار رہ سکتی تھی لیکن عبدالرانا اور حیات نے بالترتیب 13ویں اور 14ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان کو 3-2 سے آگے کر دیا۔دوسرے ہاف میں ہندوستان نے گول تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن ارشد 19ویں منٹ میں پاکستان کی برتری کو دوگنا کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ ہندوستانی ٹیم 2-4 سے پیچھے رہنے کے بعد دباؤ میں آ سکتی تھی لیکن راحیل نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ سیمی فائنل میں چار گول سے ہندوستان کی جیت کے ہیرو رہنے والے راحیل نے ارشد کے گول کے فوراً بعد ہندوستان کا تیسرا گول کر دیا۔پاکستان نے اس کے بعد ڈیفنس میں کچھ غلطیاں کیں اور راحیل 26ویں منٹ میں لانگ پاس کی مدد سے چوتھی بار پاکستان کے ڈیفنس میں سیندھ لگانے میں کامیاب رہے۔دونوں ٹیموں کی بہترین کوششوں کے بعد 30ویں منٹ تک سکور برابر رہا۔
شوٹ آؤٹ میں اویچل گرجوت اور منیندر نے گول کر کے ہندوستان کو ایشین چیمپئن بنا دیا۔
دریں اثنا، ہاکی انڈیا نے ایشیائی چیمپئن بننے پر ہندوستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے 2 لاکھ روپے اور معاون عملے کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ 2024 کے لیے کوالیفائی کرنے اور سونے کا تمغہ جیتنے پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے، ہاکی انڈیا کے صدر پدم شری ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہا ’’میں ٹیم کو عمان میں شاندار کارکردگی اور ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ اس میں شامل ہر فرد کی طرف سے یہ ایک شاندار آل راؤنڈ کارکردگی تھی اور ہماری مہینوں کی محنت اور تیاری رنگ لے آئی۔ میں ٹیم کو ایف آئی ایچ مینز ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ عمان 2024 کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ چمکتے رہیں گے۔‘‘
ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا ’’میں ٹورنامنٹ میں ناقابل یقین کامیابی کے لیے تمام کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کو مبارکباد دیتا ہوں۔ بڑی جیت کے ساتھ ٹیم نے ایک بار پھر اپنی کارکردگی سے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ہمیں اپنے کھلاڑیوں پر پور ابھروسہ ہے کہ وہ ایف آئی ایچ مردوں کی ہاکی 5ایس ورلڈ کپ 2024 میں ایک بار پھر ہندوستانی پرچم بلند کرے گا۔ ٹورنامنٹ کے لیے ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔