ساتویں انڈیا موبائل کانگریس کے افتتاح کے موقع پروزیر مواصلات اشونی ویشنو نے کہی یہ بات
نئی دہلی (یو این آئی) وزیر مواصلات اشونی ویشنو نے آج کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے تیزی سے 5 جی متعارف کرانے والا ملک ہونے کے علاوہ 6 جی میں لیڈ کرنے کی سمت میں بھی آگے بڑھ رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں یہاں ساتویں انڈیا موبائل کانگریس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر ویشنو نے کہا کہ وزیر اعظم کی کال پر 6 جی ویژن دستاویز کا لانچ کیا گیا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر ہندوستان کو 6 جی میں لیڈر ملک بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین (آئی ٹی یو) نے 6 جی ویژن دستاویز کو قبول کر لیا ہے اور انڈیا موبائل کانگریس اور آئی ٹی یو مشترکہ طور پر دارالحکومت میں ایک بڑی بین الاقوامی کانفرنس کی تیاری کر رہے ہیں جس میں پوری دنیا سے نمائندے شرکت کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے ملک میں استعمال ہونے والے 98 فیصد موبائل فون درآمد کیے جاتے تھے لیکن اب 98 فیصد ملک میں تیار کیے جاتے ہیں۔ گزشتہ سال 90 ہزار کروڑ روپے کے موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5جی ہندوستان میں سب سے تیز رفتاری سے متعارف کرایا گیا ہے۔ 2014 سے پہلے ٹیلی کام ٹاور کی تنصیب میں اوسطاً 230 دن لگتے تھے لیکن اب ایک ٹاور صرف سات دنوں میں نصب کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چندریان 3 کی لینڈنگ کو 80 لاکھ لوگوں نے براہ راست دیکھا تھا اور جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندستان اور نیوزی لینڈ کا میچ 4 کروڑ لوگوں نے موبائل فون پر دیکھا ہے۔