نئی دہلی(یو این آئی) بزنس اینڈ ایمپلائمنٹ بیورو(بی ای بی) نے آج جامعہ ہمدرد کے اسکالر ہاؤس کے قریب کمپیوٹر لیپ کی شروعات کی۔ جس کا افتتاح جامعہ کے چانسلر حماد احمد نے کیا۔ اس دوران وائس چانسلر ڈاکٹر افشار عالم، شوکت مفتی، پروفیسر فرحت بصیر خاں، پروفیسر منجو چھگانی، رخسار،ڈاکٹر اقصٰی موجودتھے۔انھوں نے کمپیوٹر کی چلاکر اس ٹریننگ کی شروعات کی ساتھ ہی انھوں نے وہاں سلائی کڑھائی کی ٹریننگ کا بھی جائزہ لیااور ان کے بارے میں دریافت بھی کیا۔ انھوں نے خوشی ونیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ بی ای بی کے ایگزکیٹو سکریٹری شوکت مفتی نے چانسلر حماد احمد کو سینٹر اور کورسس کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔اس دوران وائس چانسلر ڈاکٹر افشار عالم نے کہاکہ اس سینٹر کا مقصد ہے کہ آس پاس کے غریب بچوں ٹریننگ لے کر اپنا اچھا کیریر بنائیں اور انھیں اچھی جگہ نوکری کا موقع ملے۔ یہ چھ ماہ اور ایک سال کا ڈپلومہ کورس ہے اورہم تین سال کا بھی کرنے کا پلان بنارہے ہیں۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ نئی تعلیمی پالیسی آنے کے بعد یہاں اردو کا سیکشن کھولنے کی تیاری ہے، چونکہ دہلی میں اردو دوسری سرکاری زبان ہے اس لیے اب اردو پڑھانا پڑھے گی۔ ہم اردو کے کچھ ٹیچر بھی یہاں رکھنے کا پلان بنارہے ہیں تاکہ یونانی کے جو بچے اردو لینا چاہئیں تو لے سکیں۔ اس کی حکومت نے اجازت دے دی ہے۔
بی ای بی کے ایگزکیٹیو سکریٹر ی شوکت مفتی نے بتایا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ یہاں سے بچے ٹریننگ لے کر کاروبار سے لگ سکیں۔ اسی طرح یہاں سلائی کی بھی ٹریننگ شروع ہوئی ہے۔یہاں بہت غریب گھرانے کی بچیاں آتی ہیں انھیں ہم ٹریننگ دے کر برسرروزگارکریں گے۔ یہ حکیم عبدالحمید مرحوم کا دیرینہ خواب تھا جسے ہم پورا کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی اور کشمیر میں جاب فیئر کی تیاری کی جارہی ہے۔ وہاں بھی ٹریننگ سینٹر کھولنے کا منصوبہ ہے نیزہم اس سال بھی جامعہ میں جاب فیئر کرنے جارہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ ہم ابھی اورنگ آباد گئے تھے وہاں بھی اس طرح کے کام کی ضرور ت ہے۔ اس پر بھی بات چیت جاری ہے۔ ممبئی کے سرمایہ دار لوگ اس تعلق سے جگہ دینے کو تیار ہیں اور پور ا تعاون کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم اسکل سینٹر بنائیں گے۔ اس کی اجازت ابھی درکار ہے۔نیز ابھی ایک کروڑروپے کی اسکالر شپ جاری کرنے جارہے ہیں اوربیواؤں کی پننشن جاری کردی گئی ہے۔ یہ فلاح و بہود ی کے کام ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کرتا آرہا ہے۔ تاہم غریب بچوں کے لیے بہت کچھ ہم کرنے جارہے ہیں۔ اس دوران پروفیسر فرحت بصیر خاں نے بھی بی ای بی اور جامعہ ہمدرد کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہاں جو بھی کام کئے جاتے ہیں اس سے بچوں کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے اور وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوپاتے ہیں۔ ٹرینر رخسار نے بھی بتایا کہ ہم پوری محنت و لگن کے ساتھ ٹریننگ دیں گے اور ہر لڑکی کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ خود کا کاروبار کرسکیں۔