حیدرآباد:حیدرآباد میٹرو ریل کے مجوزہ حیدرآباد ایر پورٹ ایکسپریس میٹرو لائن پروجیکٹ کیلئے ایل اینڈ ٹی کمپنی نے سب سے کم لاگتی ٹنڈر داخل کیا ہے جس میں پروجیکٹ کی ڈیزائننگ اور تعمیر شامل ہے۔ پروجیکٹ کیلئے موصولہ تمام ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئی۔ ایل اینڈ ٹی کمپنی جس نے72 کلو میٹر حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ تعمیر کیا ہے جو 3 راہداریوں پر چل رہی ہے۔ نئے پراجکٹ کیلئے کئی کمپنیاں قطار میں تھیں۔31 کلو میٹر طویل ایر پورٹ میٹرو پراجکٹ رائے درگ سے جی ایم آر حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ کو مربوط کرے گا۔
ماہرین کی جانب سے مختلف کمپنیوں کے داخل کردہ ٹنڈرس کا جائزہ لیا گیا۔ پراجکٹ کے تحت 29.3 کلو میٹر ایلویٹیڈ اور 1.7 کلو میٹر انڈرگراؤنڈ رہے گا جو ایر پورٹ ٹرمنل کے قریب ہوگا۔ ایر پورٹ کیلئے انڈر گراؤنڈ میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ پراجکٹ کی تعمیر جس میں 9 میٹرو اسٹیشن اور دیگر سہولتیں شامل ہیں 5688 کروڑ کا تخمینہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ پراجکٹ کے تعمیری کام ستمبر میں شروع ہوں گے اور 36 ماہ میں پراجکٹ کی تکمیل کی جائے گی۔
حیدرآباد ایر پورٹ میٹرو لمیٹیڈ نے بین الاقوامی اداروں سے ٹنڈرس طلب کئے تھے۔ ابتداء میں 13 اداروں نے دلچسپی ظاہر کی لیکن آخر میں صرف دو میدان میں رہ گئے۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ ایل اینڈ ٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا ہے۔