علی گڑھ (پریس ریلیز) مثلِ سالہائے گذشتہ اس سال بھی حسینیہ زہراکیلا نگر سول لائن علی گڑھ میں امام حسینؑ کی یاد میں ایک عشرۂ مجالس کاانعقاد عمل میں آیا جس کی ایک مجلس کو معروف اسلامی اسکالر اور تصوف کی دنیا سے وابستہ ڈاکٹر عباس نیازی سابق پرنسپل اے بی کے یونئین اسکول علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے لئے ان مجالس کی حقیقت اور ان کے مقاصد کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔یہ مجلسیں ہمیں اطاعت خداوندی ،عشقِ رسول و آل رسول کی دعوت کے ساتھ ساتھ ادب کا بھی درس دیتی ہیں،وہی انسان کامیاب ہے جو ادب والا ہے کیوں کہ با ادب با نصیب اور بے ادب بے نصیب ہوتا ہے۔ہمیں کربلا میں حضرت عباسؑ ابنِ علیؑ کی شخصیت سے بھی اطاعت و ادب کے ساتھ ساتھ شجاعت کی تعلیم ملتی ہے۔حضرت عباسؑ نے تمام عمر امام حسینؑ کی اطاعت میں گزارای اور ان کے ہر حکم پر لبیک کہا یہاں تک کہ کربلا کے میدان میں جنگ کے جوہر دکھانے کی تمنا بھی حکمِ امام حسینؑ کے تحت ترک کردی کیوں کہ ان کی نگاہ میں حکمِ امام حسینؑ یعنی اطاعتِ امام کی اہمیت بہت زیادہ تھی۔اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم حضرت عباسؑ کی شخصیت سے اطاعتِ امام اور محبتِ امام کا درس حاصل کریں۔مجلس کی نظامت راشد حسین عرف راجو نے کی جب کہ اس موقع پر حسینیہ زہرا مام باڑے کے متولی سید منور عباس نقوی نے بتایا کہ ہر سال حسینیہ زہرا امام باڑے میں عشرۂ مجالس منعقد کیا جاتا ہے جس میں کثیر تعداد میں عاشقینِ اہل بیت شریک ہوکر غمِ امامِ حسینؑ مناتے ہیں۔ساتھ ہی ہماری کوشش رہتی ہے کہ ہم اس میں ایسے ذاکرین کا خطاب کریں جن کے یہاں علم اور تقویٰ پایا جاتا ہے ۔