جے پور (یو این آئی) مشہور فلمی اداکار دیو آنند کے 100 ویں یوم پیدائش پر راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں 24 سے 26 ستمبر تک منعقد ہونے والے جے پور دیو فیسٹیول میں مشہور اداکارہ اور ایم پی ہیما مالنی سمیت کئی فلمی شخصیات شرکت کریں گی۔’دی ایورگرین دیو آنند سوسائٹی‘، جے پور 24 ستمبر سے مسٹرآنند کے 100ویں یوم پیدائش کی یاد میں تین روزہ ایک یادگار اورتقریب کا اہتمام کرے گی۔
یہ اطلاع دیتے ہوئے دی ایورگرین دیو آنند سوسائٹی کے صدر روی کامرا نے بتایا کہ تقریب کا پوسٹر ہفتہ کو جاری کیا گیا۔ آج بھی تقریب میں نوجوانوں کے ہردلعزیز فیشن اسٹائل آئیکون دیو آنند سے جڑے لمحات کویاد کیاجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 24 ستمبر کی شام 6 بجے سے دیو صاحب کو وقف ’’گاتا رہے میرا دل‘‘ گیتوں بھری میوزیکل شام کا اہتمام راجستھان انٹرنیشنل سنٹر، جھالانہ ڈونگری میں کیا جائے گا، جب کہ 25 ستمبر کو جواہر کلا کیندر میں ایک پوسٹ اینڈ ٹیلی گراف ڈپارٹمنٹ کے زیراہتمام فلمی اداکاروں کی پوسٹل اسٹامپ نمائش ہوگی۔ 26 ستمبر کو صبح 10 بجےجواہر کلا کیندر میں جے پور کے 10 سے زیادہ کالجوں کے طلباء دیو صاحب پر مبنی میوزیکل کوئز میں حصہ لیں گے، جس کا انعقاد ریٹائرڈ آئی اے ایس مہیندر سورانا کریں گے۔
اسی دن شام 6 بجے دنیا کے مشہور سینما گھر راج مندر میں دیو صاحب کے مداحوں میں مشہور فلمی دنیا کی معروف اداکارہ ہیما مالنی، مصنف اور پدم شری بھاونا سومیا، پروڈیوسر امت کھنہ شرکت کریں گے۔