عازمین حج کو تقریروں اور سوال وجواب کے ذریعہ مسائل سکھائے گئے
مونگیر:جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں حج تربیتی کیمپ بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوگیا، اس کیمپ میں بڑی تعداد میں خواتین ومرد عازمین حج نے شرکت کی اور علماء کرام کی تقریریںسنیں اور حج کی تربیت حاصل کی، اس موقعہ پر عازمین حج کو حج کے احکام تفصیل کے ساتھ بتائے گئے، ان کے سوالات کے جواب دیئے گئے، اور انہیں ہدایت دی گئی کہ جب بھی کوئی الجھن پیش آئے، جامعہ رحمانی کے علماء سے رابطہ کرکے اپنی الجھن دور کرلیا کریں، عازمین حج کے لیے کھانے پینے کا بھی نظم تھا۔
اس موقعہ پر جناب مولانامحمد خالد صاحب رحمانی نے کہا کہ حج کا سفر بڑا سفر ہے،اس کے لیے دلوںکو ابھی سے پاک کرلیجئے اور تمام تر آلائش وگندگی کو اپنے دلوںسے نکال کر اس سفر میں جائیے،نے کہا کہ نیت کی درستگی بنیادی چیز ہے، ابھی سے نیت درست کیجئے، اور سفر حج کی تیاری کیجئے۔ جناب الحاج مولاناجمیل احمد مظاہری نے حج بدل کی اہمیت اور اس کے مسائل کوبیان کیا، انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ حج بدل علماء سے اور حج کئے ہوئے شخص سے کرایا جائے۔زیارت مدینہ پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درود وسلام کا اہتمام زیادہ سے زیادہ ہونا چاہئے، جناب مولانا سیف الرحمن صاحب ندوی نے دعاء کے آداب بتاتے ہوئے کہا کہ مکہ اور مدینہ پہونچ کر آپ دل سے دعائوں کا اہتمام کیجئے، اللہ تعالیٰ آپ کے حج کو قبول کرے گا، اور آپ کی مراد بر لائے گا۔ جناب الحاج مولانامفتی محمد اظہرصاحب مظاہری نے حج کے پانچ ایام کے اعمال اور حج کے احکامات تفصیل سے بیان کرتے ہوئے، عازمین حج کے سوالات کے جوابات بھی دیئے، انہوںنے کہا کہ حج میں تین فرائض ہیں، احرام، وقوف عرفہ، اور طواف زیارت اور چھ واجبات ہیں، وقوف مزدلفہ، شیطان کو کنکری مارنا، قربانی کرنا، حلق کرانا، سعی کرنا، طواف وداع کرنا، مفتی صاحب نے کہا کہ آپ کے لیے ضروری ہے، کہ اس سفر کی پرزور تیاری کریں۔ جناب الحاج حافظ محمدامتیاز صاحب رحمانی نے کہا کہ نیت کی درستگی بنیادی چیز ہے، ابھی سے نیت درست کیجئے، اور سفر حج کی تیاری کیجئے۔انہوںنے احرام باندھنے کا لوگوںکو طریقہ بتایا اور مبارک سفر میں کام آنے والی قیمتی باتیں بتائیں، اس موقعہ پر ریاستی حج کمیٹی کے نمائندہ جناب الحاج مولانا مشیر الدین صاحب رحمانی نے سفر حج کے درمیان آنے والی مشکلات پر کیسے قابو پایا جائے اس پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سفر کو سب کچھ بھلا کر عبادت کی ادائے گی کے لیے کیجئے۔جناب الحاج مولانا محمد عارف صاحب رحمانی نے بتیا کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میںامیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکا تہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر کی ہدایت کے مطابق ’’ حج تربیتی کیمپ‘‘ منعقد ہوا،اور اس موقعہ پر سوائن فلو ٹیسٹ اور منجائٹس کے ٹیکہ کا سرٹیفکٹ بھی دیا گیا۔ قاری محمدوسیم صاحب کی تلاوت کلام پاک سے حج تربیتی کیمپ کا آغاز ہؤااور نعت مولوی محمدانور نیازی نے پیش کیا۔حضرت مولانا مفتی محمد اظہر صاحب مظاہری کی دعاء پر حج تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہؤا۔