پھلواری شریف (پریس ریلیز)دربھنگہ ضلع کے مال پٹی گاؤں میں بھڑکے فساد کی خبرملنے کے بعد آل انڈیا ملی کونسل کا ایک وفدجناب مرزا ذکی احمدبیگ آرگنائزرآل انڈیا ملی کونسل بہارکی قیادت میں مال پٹی پہنچا اورحالات کاجائزہ لیا،مقامی لوگوں سے گفت وشنید کی اورانہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،وفد نے محسو س کیا کہ مال پٹی اوراس کے گرد ونواح کی بستیوں میں سراسیمگی اورخوف کا ماحول ہے، مال پٹی میں تو صرف خواتین اوربچے ہی نظر آئے،گاؤں کے زیادہ ترمرد افراد نے خوف کی وجہ سے گاؤں چھوڑ دیا ہے،چند لوگوں سے مقالات ہوئی اورانہو ں وفد کو صورت حال سے آگاہ کراتے ہوئے بتایا کہ معمولی سی تکرار پر گاؤں کے مکھیا کی وجہ سے یہاں فرقہ وارانہ فساد برپا ہوا،ہوا یوں کہ ایک غریب مسلمان کی زمین پر دوسرے گروہ کے لوگوں نے اپنی میت جلانے کی کوشش کی،جسے زمین والے نے روکا،یہیں سے بات بڑھی اوریہ افواہ پھیلائی گئی کہ مسلمانوں نے لاش کی بے حرمتی کی۔اس غلط افواہ کی وجہ سے کشیدگی بڑھی اورفساد ہو گیا۔گاؤں کے مکھیا کا رویہ یک طرفہ تھا اورپولیس نے بھی یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے پچاسی سے زائد افراد پر مقدمہ دائر کردیا اورلگاتار دبش دے رہی ہے۔گرفتاری کے خوف سے بستی والے بھاگ کھڑے ہوئے ہیں۔جن نوجوان طلبہ کو گرفتار کیا گیا ہے،ان میں محمد دانش،محمد عامر، محمد عزیر،عبد السلام،محمد کامران،محمد ثناء اللہ،محمد فرحان،اورمحمد سرورکے نام شامل ہیں،ان میں اکثر طالب علم ہیں اوراب تک انہیں ضمانت نہیں ملی ہے۔ یہ افسوس ناک پہلو ہے کہ جن لوگوں کے خلاف ظلم ہوا انہیں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔آل انڈیا ملی کونسل بہار حکومت بہار سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ معاملہ کی غیر جانب دارانہ جانچ کروائے اورمجرموں کو سزادے اورگرفتار بے قصورطلبا کی فوراً رہائی کا حکم دے۔گاؤں کے مکھیا کا کردار نہایت ہی ظالمانہ اورجانب دارانہ ہے،گوکہ وہ گرفتار ہو گیا،لیکن اس کی گرفتاری کے بعد بے قصور عوامی نمائندوں کو بھی گرفتار کرلیا گیاہے۔واضح رہے کہ آل انڈیاملی کونسل کے اس وفد نے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی کی ایماء اورجنرل سکریٹری مولانا محمد عالم قاسمی صا حب کے حکم سے فساد زدہ علاقہ کا دورہ کیاتھا،اس وفد میں رکن آل انڈیا ملی کونسل مولانا حماد غزالی، آل انڈیا ملی کونسل ضلع دربھنگہ کے جنرل سکریٹری وجیہ القمر،عامر عثمانی، علیم الدین،سلیم الدین،وغیرہ شامل تھے۔