جودھ پور(یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ ریاستی حکومت آرٹ اور ثقافت کے تحفظ اور فروغ کے لیے پابند عہد ہے۔انہوں نے ریاست کے لوک فنکاروں سے کہا کہ وہ اپنی ترقی کے لیے چلائی جانے والی سرکاری اسکیموں کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔مسٹر گہلوت اتوار کے روز جودھپور میں جے نارائن ویاس اسمرتی بھون ٹاؤن ہال کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت راجستھان کے روایتی لوک فنون، ثقافت اور ادب کے تحفظ و فروغ اور فنکاروں کی ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے فنکار اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آج ملک اور بیرون ملک مقبول ہو رہے ہیں۔ وژن 2030 کو عملی جامہ پہنانے میں آرٹ اور کلچر کا بھی اہم کردار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو عظیم ہستیوں کی قربانیوں اور سماجی بہتری کے لیے ان کے کاموں سے تحریک حاصل کرنی چاہیے۔ آرٹ ہماری اہم ثقافتی وراثت ہے۔ فنون لطیفہ کا تحفظ اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ جے نارائن ویاس کا فن سے گہرا تعلق تھا۔ انہوں نے زندگی میں اپنے اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اس 60 سال پرانے ٹاؤن ہال کی 11.50 کروڑ کی لاگت سے تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ اس سے ویاس کی یادوں کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ فنکاروں کو اپنے فن کی نمائش کے لیے موزوں ماحول ملے گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ جے پور کے رابندر منچ کو رقص، ڈرامہ اور موسیقی کے فن کو فروغ دینے کے لیے کثیر ثقافتی مرکز کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے راجستھان کے لوک فنکاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی ترقی کے لیے چلائی جانے والی اسکیموں کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔