نئی دہلی ( یو این آئی ) کانگریس نے راجستھان اسمبلی انتخابات کے لیے آج چوتھی فہرست جاری کی اور 56 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی میں امیدواروں کے ناموں کی یہ فہرست جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر موجودہ ایم ایل اے کو چوتھی فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔ بالی سیٹ سے سابق ایم پی بدری رام جاکھڑ کو میدان میں اتارا گیا ہے جبکہ کانگریس کے قومی ترجمان گورو ولبھ کو ادے پور سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ سابق اسمبلی اسپیکر اور ایم ایل اے دیپندر سنگھ شیخاوت کو شری مادھوپور سے، سابق مرکزی وزیر اور ایم ایل اے مہادیو سنگھ کھنڈیلا کو کھنڈیلا اسمبلی حلقہ سے پھر سے موقع دیا گیا ہے۔
پارٹی نے کشن گڑھ سے ٹکٹ دے کر بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے کے بعد کانگریس میں شامل ہونے والے وکاس چودھری پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ پارٹی نے راجستھان اسمبلی کے لئے کل 151 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ پچھلی تین فہرستوں میں پارٹی نے 95 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔200 رکنی راجستھان اسمبلی کے لیے 25 نومبر کو ووٹنگ ہونی ہے اور ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔