قاہرہ: مصر میں وزارت تعلیم نے نئے تعلیمی سال کے لیے نیا ضابطہ لباس جاری کردیا ہے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مصر میں وزارت تعلیم نے طالبات کے چہرہ ڈھانپنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ سر ڈھانپنے کو اختیاری قرار دے دیا ہے۔وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ طالبات کے سر ڈھانپنےکے لیے بھی صرف تعلیمی بورڈ کا منظور شدہ رنگ اور ڈیزائن قابل قبول ہوگا۔
وزارت تعلیم کے مطابق، سر ڈھانپنےکے لیے والدین یا سرپرست کی آگاہی اور پیشگی اجازت ضروری ہوگی۔ باخبر گوشہ کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا نفاذ 30 ستمبر سے شروع ہونے والے تعلیمی سال سے ہوگا۔مصری وزیر تعلیم رضا حجازی نے کہا کہ سر کے بالوں کو ڈھانپنا اختیاری ہے آپشن ہے مگر اسکولوں میں آنےوالی طالبات کے لیے چہرے کا نقاب نہ کرنا بنیادی شرط ہوگی۔
وزیرتعلیم نے مزید کہا کہ بچیوں کے والد یا سرپرست کو اپنی بیٹی کی پسند سے آگاہ کرنا ہوگا۔ کسی شخص یا ادارےکو اسکولوں میں طالبات کے نقاب اور حجاب کے حوالے سے دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں۔وزارت تعلیم نے گورنریوں میں ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں سرپرست کے موقف کو معلوم کریں۔ یونیفارم کے رنگ کے تعین کے سلسلے میں، اسکول کا بورڈ آف ڈائریکٹرز، بورڈ آف ٹرسٹیز، والدین اور اساتذہ کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کرے گا۔