نئی دہلی: مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیرمحترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اپنے ایک اخباری بیان میںگزشتہ شام اڈیشہ کے شہربالاسورمیں ہونے والے دلدوز ٹرین حادثہ پر جس میںبیک وقت تین ٹرینیں حادثہ کی شکار ہوئیںہیں اورمختلف ذرائع ابلاغ کے مطابق تقریبا دو سو اسی قیمتی جانیں تلف ہوئی ہیں اورنوسو افراد زخمی ہوئے ہیں اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک اندوہناک حادثہ ہے جس میں قیمتی انسانی جانوں کا بھاری نقصان ہواہے اور بہت سے بھائی زخموں اورتکلیفوں سے کراہ رہے ہیں۔ اس دردو الم کی گھڑی میں ہم تمام پسماندگان ومتاثرین کے ساتھ ہیں اور ان سے اظہار تعزیت کرتے ہیںنیز بلا تفریق مذہب وملت ان کے لیے ہر طرح کے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔ ہم اپنے منہج وعقیدہ کی بنیاد پر اتنے بڑے المناک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرین کے تعاون کو ہر سطح پر ضروری قرار دیتے ہیںاور حکومت و عوام سے مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کی بلاتفریق امداد کی اپیل اور اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
امیرمحترم نے اپنی پریس ریلیز میںمزیدکہا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ حادثہ کاسبب بننے والی لاپرواہیوں اور ان کے اصل ذمہ داروں کا پتہ لگائے اورانہیں قرار واقعی سزادے، تاکہ اس طرح کے دلدوز حادثات سے بچا جاسکے۔