وزیرمواصلات اشونی ویشنو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر یکے بعد دیگرے پانچ پیغامات کے ذریعے حکومت کا موقف پیش کیا
نئی دہلی ( یو این آئی) اپوزیشن لیڈروں کے فون ہیک کرنے کے الزامات اور اس سلسلے میں ایپل کمپنی کی جانب سے اپنے کچھ صارفین کو بھیجے گئے الرٹ پر حکومت نے آج کہا کہ حکومت سبھی کی پرائیویسی اور سیکورٹی کے تحفظ کے لیے اپنا رول ادا کرتی ہے۔ اور ان نوٹسوں کی تہہ تک جانے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی اور ایپل کو اس میں شامل ہونے کو کہا گیا ہے۔
اس سلسلے میں الزامات لگائے جانے کے بعد وزیر مواصلات اشونی ویشنو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر یکے بعد دیگرے پانچ پیغامات کے ذریعے حکومت کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی معلومات اور قیاس آرائیوں کے درمیان ایپل سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے فون ہیکنگ کے الزامات پر حقیقی، درست معلومات کے ساتھ تحقیقات میں شامل ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایپل کی جانب سے فون کے ہیک ہونے کے بارے میں الرٹ بھیجنے کے حوالے سے میڈیا میں بعض ارکان پارلیمنٹ اور دیگر کی طرف سے بیانات تشویشناک ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، انہیں موصول ہونے والے الرٹ میں ان کے آلات کی حکومتی سرپرستی میں ہیکنگ کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ تاہم اس مسئلے پر ایپل کی زیادہ تر معلومات مبہم اور غیر مخصوص نوعیت کی معلوم ہوتی ہیں۔ ایپل کا کہنا ہے کہ یہ انتباہات ان معلومات پر مبنی ہو سکتے ہیں جو ’’نامکمل ‘‘ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’ایپل کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس کی آئی ڈیز آلات پر محفوظ طریقے سے انکرپٹڈ ہیں، جس کی وجہ سے صارف کی واضح اجازت کے بغیر ان تک رسائی یا شناخت کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ خفیہ کاری صارف کی ایپل آئی کی حفاظت کرتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ یہ نجی اور محفوظ رہے۔