حیدرآباد(یواین آئی)آندھراپردیش میں وجئے نگرم میں کل شام پیش آئے ٹرین حادثہ میں مہلوکین کی تعداد 14ہوگئی ہے، ان میں سے تقریبا 11لاشوں کی شناخت کا کام کرلیاگیا ہے۔مزید تین لاشوں کی شناخت کا کام جاری ہے۔وجئے نگرم کے سرکاری اسپتال میں تقریبا 25زخمی زیرعلاج ہیں۔ایک زخمی کو بہتر علاج فراہم کرنے کے لئے کے جی ایچ منتقل کیاگیا۔مہلوکین میں سریکاکلم ضلع کی 35سالہ لکشمی،وجئے نگرم ضلع کی 30سالہ بھارتی روی،وجئے نگرم ضلع کا 32سالہ ستیش،وجئے نگرم ضلع کی 45سالہ کے اے نائیڈو،رائے گڑھ پاسنجرٹرین کا لوکوپائلٹ ایس ایچ ایس راو،وشاکھاپٹنم پاسنجر ٹرین کا گارڈاوردیگرشامل ہے۔6لاشوں کووجئے نگرم کے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیاجبکہ ایک لاش کو ایک اور اسپتال لے جایاگیا۔
ساوتھ سنٹرل ریلوے آندھراپردیش کے وجیانگرم کے قریب ٹرین حادثہ کے پیش نظر ٹرین خدمات میں ردوبدل کیا ہے۔ساوتھ سنٹرل ریلوے کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایسٹ کوسٹ ریلوے کے والٹیرڈیویثرن کے وشاکھاپٹنم۔بھونیشورسکشن کے الم نندا اور کنکٹاپلی کے درمیان ٹرین حادثہ کے سبب یہ ردوبدل کیاگیا ہے۔ٹرین نمبر 22860ڈاکٹرایم جی آرچینائی سنٹرل۔پوری ویکلی ایکسپریس ٹرین جو آج 16.25 بجے روانہ ہونے والی تھی کو منسوخ کردیاگیا۔ٹرین نمبر12842 ڈاکٹرایم جی آرچینائی سنٹرل۔کورومنڈل ایکسریس ٹرین کو تاخیرسے چلایاجائے گا۔اسی طرح ٹرین نمبر13352 الپووزوہا۔دھن باد ٹرین بھی چارگھنٹہ کی تاخیر سے پیر کو چلائی جارہی ہے۔
ادھراے پی کے وجئے نگرم میں ٹرین حادثہ کی جانچ کیلئے اعلی سطحی جانچ ٹیم مقام واقعہ پر پہنچ گئی ہے۔کمشنر آف ریلوے سیفٹی کی ٹیم سکندرآباد سے وجئے نگرم پہنچی۔پرانوسکسینہ کی قیادت میں یہ جانچ ٹیم اس حادثہ کی جانچ کررہی ہے۔یہ ٹیم حادثہ کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔سگنلنگ یا بجلی کے مسئلہ کے سبب یہ حادثہ پیش آیا، اس زاویہ سے بھی جانچ کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اے پی کے وجیا نگرم ضلع میں ٹرین حادثہ نے متحدہ آندھراپردیش اور تلنگانہ ریاست میں پیش آئے خطرناک ٹرین حادثات کی یاد دلادی ہے۔ ماضی میں تلگو ریاستوں میں ٹرین کے بڑے حادثات کی تفصیلات اس طرح ہے۔ 21 جنوری 2017: ہیراکھنڈ ایکسپریس حادثہ۔ہیراکھنڈ ایکسپریس 18448، جگدل پور سے بھونیشور جانے والی ٹرین آندھرا پردیش کے وجیا نگرم ضلع میں پٹری سے اتر گئی۔ اس واقعہ میں 41 افرادکی موت ہو گئی تھی، 68 افراد زخمی ہوئے۔ ٹرین میں 600 مسافرسوارتھے۔30 جولائی 2012: تمل ناڈو ایکسپریس میں آگ:آندھرا پردیش کے نیلور کے قریب تمل ناڈو ایکسپریس میں آگ لگنے سے 47 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 25 افراد زخمی ہوئے تھے۔22 مئی 2012: ہبلی۔بنگلور ہمپی ایکسپریس ٹرین حادثہ:اننت پور ضلع کے پینوکونڈہ میں ٹرین کے پٹری سے اترنے سے 25 افرادکی موت ہو گئی تھی۔18 اگست 2006: چنئی۔حیدرآباد ایکسپریس میں آگ:سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب چنئی۔حیدرآباد ایکسپریس کے پانچ ڈبوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔اس واقعہ میں مسافر محفوظ رہے۔29 اکتوبر 2005: رے پلی۔سکندرآباد ڈیلٹا فاسٹ پاسنجر ٹرین ندی میں گرگئی تھی۔اس حادثہ میں 114 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔2 جولائی 2003: گنٹور۔سکندرآبادنلگنڈہ ایکسپریس ٹرین کا ایک انجن، دو کوچ ورنگل ریلوے اسٹیشن کے قریب روڈ انڈربریج سے گرگئے تھے۔اس حادثہ میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔10 اکتوبر 1990: ماونوازوں نے ٹرین جلادی تھی۔ حیدرآباد کے قریب چرلاپلی میں 40 افراد اس وقت زندہ جل گئے جب مشتبہ ماونوازوں نے ٹرین کو آگ لگا دی تھی۔
دریں اثناء وجئے نگرم ضلع میں ٹرین حادثہ کے بعد ٹریک کی بحالی کا کام جنگی خطوط پر کیا جا رہا ہے۔ حادثہ میں نقصان سے دوچار بوگیاں بڑی مشینوں کی مدد سے نکالی گئیں۔ بوگیوں کو ہٹانے کے لیے وشاکھا سے باہوبلی کرین لائی گئی ہے۔مقام حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عملے کے ساتھ این ڈی آر ایف، اے سی آر ایف، آر پی ایف اور دیگر محکموں کے عہدیداروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ جائے وقوعہ پر دو ایمبولنس گاڑیاں دستیاب کرائی گئیں۔ پولیس مقامی افرادکو وہاں آنے سے روک رہی ہے۔