نئی دہلی:حج 2023 ء کے منتخب عازمین کو اخراجات کی تیسری قسط ادا کرنے کی مہلت میں 19 مئی تک توسیع کی گئی ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے آخری قسط جمع کرنے کیلئے 15 مئی آخری تاریخ مقرر کی تھی تاہم حج کمیٹی کی جانب سے نمائندگی کے بعد توسیع کی گئی ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تاریخ میں توسیع سے متعلق ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر کے ذریعہ آگاہ کیا گیا ۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی نے حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر سے ربط قائم کرتے ہوئے آخری قسط کی تاریخ میں توسیع کے لئے نمائندگی کی تھی۔ عازمین حج بینکوں میں تکنیکی خرابی کے سبب آخری قسط جمع کرنے سے قاصر رہے۔ محمد سلیم کی نمائندگی کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا نے 19 مئی تک آخری قسط کی ادائیگی کی مہلت دی ہے۔ محمد سلیم نے عازمین حج سے اپیل کی کہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے 19 مئی تک آخری قسط کی رقم ادا کردیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بینک آف انڈیا کے ذریعہ رقم ادا کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ عازمین حج نے ابھی تک دو اقساط میں جملہ 251800 روپئے ادا کردیئے ہیں جن میں پہلے مرحلہ میں 81800 روپئے اور دوسری مرتبہ 170000 روپئے ادا کئے گئے ۔ قربانی کے بغیر عازمین حج کو مزید 53373 روپئے جبکہ قربانی کے ساتھ 69717 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ قربانی کی سہولت کیلئے 17344 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ر