بنگلورو (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ آئین مخالف طاقتیں ملک میں منواسمرتی کو نافذ کرنے کی سازش کر رہی ہیں اور 95 فیصد آبادی کو دوبارہ غلامی میں دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسٹر سدارامیا نے کہاکہ ’’ہمیں ان تمام آئین مخالف طاقتوں سے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ ملک میں منواسمرتی کو نافذ کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ منواسمرتی کا مطلب ہے کہ اس ملک کی 95 فیصد آبادی دوبارہ غلامی پر مجبور ہو جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے منعقدہ ‘پریمبل ریڈنگ’ پروگرام میں کیا۔ یہ پروگرام بین الاقوامی یوم جمہوریت کے موقع پر ودھان سودھا کی عظیم الشان سیڑھیوں پر منعقد کیا گیا تھا۔مسٹر سدارامیا نے کہا کہ ریاست کی کانگریس حکومت ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے راستے پر چل رہی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے ہر شہری کو ہندوستانی آئین کے بارے میں جاننے کی تلقین کی اور کہا کہ ان ذرائع سے ہی سماجی انصاف کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ کرناٹک حکومت نے تمام اسکولوں اور کالجوں میں پیریئر کے دوران آئین کی تمہید پڑھنا لازمی قرار دیا ہے۔