دربھنگہ۔مقامی سی۔ایم کالج میں زیر تعلیم پوسٹ گریجویٹ سمسٹر اول اور سمسٹر سوئم کے طلبا وطالبات کے لئے سبھی شعبے کے صدور نے پوسٹ گریجویٹ سمسٹر اول اور سوئم کے انٹرنل امتحانات کی تاریخ متعین کردی ہے ۔ پروفیسر مشتاق احمد، پرنسپل سی ایم کالج کی صدارت میں تمام شعبے کے صدور کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کالج میں معیاری تعلیم کے موضوع پر صلاح ومشورہ کیا گیا اور طلبا وطالبات کے مفاد میں مختلف امتحانات کے مراکز ہونے کے اوقات میں خصوصی روٹین کے مطابق صبح سات بجے سے نو بجے تک کلاس چلانے کا فیصلہ لیا گیا۔پروفیسر احمد نے کہا کہ یونیورسیٹی کے ذریعہ جو بھی احکامات امتحان کے سلسلے میں جاری کئے جاتے ہیں اس پر صد فی صد عمل ہونا چاہئے اور انٹرنل امتحان کے نمبرات کی پوسٹنگ پورٹل پر کی جاتی ہے اس لئے بر وقت اس کو انجام دیا جانا چاہئے۔ صدور کے صلاح ومشورے سے مذکورہ دونوں سمسٹر کے طلبا کا انٹرنل امتحان یعنی سمسٹر اول کے لئے مورخہ 20جولائی سے 25جولائی تک اور سمسٹر سوئم کا 19جولائی سے 25جولائی تک لیا جائے گا۔طلبا وطالبات کے لئے کالج احاطے میں داخلے کے لئے کالج یونیفارم اور شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔طلبا وطالبات اپنے کسی بھی مسئلے کے حل کے لئے تعلیمی اوقات میں اپنے شعبے کے صدر اور دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔پروفیسر احمد نے کہا کہ کسی بھی امتحان میں شامل ہونے کے لئے 75فیصد حاضری لازمی ہے اس لئے طلبا وطالبات اور گارجین حضرات سے گذارش ہے کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں ورنہ انہیں پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔