بہرائچ:(یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ نے اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد’انڈیا’ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں سانپ، بچھو، نیولا اور کبوتر ایک ہوگئے ہیں لیکن اس سے ملک کا بھلا ہونے والا نہیں ہے۔ ضلع میں ایک شوروم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بی جے پی ایم پی نے کہا’انڈیا’ اتحاد صرف ملک کے لوگوں کو لوٹنے کے لئے بنا ہے۔ جیسے بارش میں نیولا، سانپ، بچھو اور کبوتر محفوظ مقام کی تلاش کرتے ہیں اسی طرح یہ اتحاد کے لوگ ہیں۔ ان کا نہ کوئی کنوینر ہے اور نہ وزیر اعظم عہدے کے دعویدار ہیں۔ ایسے میں اتحاد کو کیا کہا جائے صرف ہوا ہوائی ہے۔
رکن پارلیمنٹ نے کہا’ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کہتے ہیں کہ انہیں بولنے نہیں دیا جارہا ہے۔ یہ عوام کو ورغلانے کی کوشش ہے۔ حقیقت میں اتنی عمر ہونے کے بعد بھی انہیں سمجھ نہیں ہے۔ وہ اصل موضوع نہیں اٹھا پارہے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومت مل کر ملک کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ جس کی وجہ سے ایک وقت جیسا کانگریس کاتھا ٹھیک اسی طرح اب بی جے پی پارٹی بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب صرف بی جے پی اور مودی کے نام پر عوام ووٹ کررہے ہیں۔ مرکزی میں دو بار بی جے پی کی حکومت بنی ہے۔ اس بار بھی عوام جیت دلائیں گے۔