ڈھاکہ (یو این آئی) بنگلہ دیشی وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی صدر شیخ حسینہ نے ہم وطنوں سے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی پارٹی کے انتخابی نشان ‘کشتی’ کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔محترمہ حسینہ نے ایم آر ٹی لائن-5 (شمالی روٹ) کے تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ آگرگاؤں سے موتی جھیل تک میٹرو ریل سروس کے افتتاح کے موقع پر شہر کے آرام باغ علاقے میں ایک عظیم الشان ریلی سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہاکہ اگلے عام انتخابات قریب آرہے ہیں اور اس کے شیڈول کا اعلان کسی بھی وقت کیا جائے گا۔ ان کی پارٹی یقینی طور پر الیکشن جیتے گی۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی لیگ کے امیدواروں کی جیت کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ کے امیدواروں کی جیت کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہم دوبارہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر سکیں۔ حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے کئی ترقیاتی کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکے۔ ہمیں ان کو پورا کرنا ہے۔”وزیراعظم نے آتش زنی کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے دہشت گردی، توڑ پھوڑ اور تشدد بند نہ کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بی این پی کے رہنماؤں کو متنبہ کیاکہ "جو لوگ ملک کے اندر اور بیرون ملک دہشت گردوں کو آگ لگانے کے احکامات دے رہے ہیں، وہ فوری طور پر تباہی بند کریں۔ ورنہ عوامی لیگ اچھی طرح جانتی ہے کہ اسے کیسے روکنا ہے۔