نئی دہلی: امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کل سہ پہر مرکز جماعت میں جماعت کی مرکزی مجلس نمائندگان کے جاری سیشن کے دوران ریڈینس ویوزویکلی کے آرکایو کے ڈیجیٹل ورژن کا اجراء کیا۔
جماعت کے قائدین اور اس کی162رکنی مجلس نمائندگان، جو امیر جماعت اور مرکزی مجلس شوریٰ کے انتخاب کے لیے مرکز جماعت میں موجود تھے، سے خطاب کرتے ہوئے داکٹر وقار انور، سیکریٹری بورڈ آف اسلامک پبلیکیشنز جس کے تحت ریڈینس ویکلی شائع ہوتا ہے، نے ریڈینس کے ساٹھ سالہ سفراور مختلف مراحل میں اس کے ارتقا پر گفتگو کیا۔ موصوف نے بتایا کہ جولائی1963سے نومبر 1995تک ریڈینس ٹیبلائڈ شکل میں شائع ہوتا رہا، اس کے بعد یہ میگزین سائز میں منتقل ہو گیا۔
بہت سے ملکی اور غیر ملکی ریسرچ اسکولرز، جن میں بعض آکسفورڈ یونیورسٹی سے بھی تھے، دفتر ریڈینس آ کر ہندوستانی مسلمانوں سے متعلق اپنے تحقیقی مقالے کے لیے ریڈینس کے آرکایو سے استفادہ کیا۔ اب ریڈینس آرکایو کا ڈیجیٹل ورژن مصنفین، اسکولرز اور محققین کے لیے کافی سہل اور سودمند ثابت ہوگا۔ کئی باوقار مسلم دانشور، جن میں سابق سفیر سید شہاب الدین مرحوم بھی شامل رہے ہیں، اس خیال کے حامی رہے کہ ہندوستانی مسلمانوں کے مسائل پر تحقیق کرنے والا کوئی فرد ریڈینس کے آرکایو سے استفادہ کیے بغیر اپنا مقالہ مکمل نہیں کر سکتا۔ اس طرح ریڈینس آرکایو کا ڈیجیٹل ورژن ایسے تمام محققین، جو با وثوق ذریعے سے مواد حاصل کرنا چاہتے ہوں، کے لیے ایک بڑا کام ہے۔ وہ ریڈینس ویکلی ڈاٹ نیٹ پر جا کر ریڈینس آرکایو سے استفادہ کر سکتے ہیں۔