تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے امریکہ کو غزہ میں اسرائیلی قتل و غارت گری میں شریک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی بچوں کے خون سے امریکہ کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ان خیالات کا اظہار اپنی ایک تقریر میں کیا ہے۔ ان کی یہ تقریر سوشل میڈیا پر ان کے اپنے آفیشل اکاونٹ کے ذریعے سامنے آئی ہے۔
اس تقریر میں کہاگیا ہے کہ’ امریکہ یقینی طور پر صہیونی رجیم کے ساتھ اس کے غزہ میں جاری جرائم میں شریک ہے۔ یہ امریکہ ہی ہے جو غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں ہونے والے جرائم کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔’
ایرنی سپریم لیڈر نے اپنی تقریر میں مزید کہا ‘ غزہ کے بچوں کے خون سے امریکی ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔ مغربی ملکوں کے رہنما بھی اب اسی لیے اسرائیل کے دورے کر رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ صہیونی رجیم ٹوٹ کر گرنے جا رہی ہے۔۔علی خامنہ ای نے اسرائیل کے بارے میں کہا ‘ صہیونی رجیم کو فیصلہ کن دھچکہ لگا ہے اور یہ اب زخمی بھی ہے اور معذور بھی۔ مغربی ممالک اسے اس کے پاوں پر کھڑا کرنے کے لیے بم اور ہتھیار دے رہے ہیں۔
واضح رہے ایران کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ فلسطینی کی آزادی کے لیے کوشاں حماس کو سب سے زیادہ مالی اور فوجی مدد دیتا ہے۔ ایران نے سات اکتوبر کے حماس حملوں کی تعریف کی تھی مگر ان حملوں کے کرنے میں کسی بھی طرح کی حصہ داری سے انکار کیا تھا۔